#دلی این سی آر

کانگریس کا منشورجاری، ذات پات کی مردم شماری کرانے کا اعلان

(پی این این)
نئی دہلی :دہلی انتخابات سے چند دن قبل کانگریس نے اپنا انتخابی منشور جاری کیا۔ اس منشور میں کانگریس نے کئی وعدے کیے ہیں جن میں ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے گی اور دہلی میں اقتدار میں آنے پر پوروانچلیوں کے لیے ایک وزارت قائم کی جائے گی۔ اپنے منشور میں، اس نے دہلی کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپے کی مالی امداد، 300 یونٹ تک مفت بجلی اور 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔کانگریس نے دہلی میں 25 لاکھ روپے تک کا مفت ہیلتھ انشورنس اور مفت راشن کٹ کی بھی ضمانت دی ہے۔ انتخابی منشور کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش، ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو اور پارٹی کے کچھ دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں جاری کیا گیا۔جے رام رمیش نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ آج تمام پارٹیاں ‘گارنٹی’ کا لفظ استعمال کر رہی ہیں، لیکن یہ لفظ سب سے پہلے کانگریس پارٹی نے کرناٹک انتخابات میں استعمال کیا تھا۔
ہم عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ کانگریس پارٹی جو کہتی ہے وہی کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب منموہن سنگھ وزیر اعظم تھے تو کانگریس پارٹی گارنٹی کی شکل میں ایک قانون لائی تھی، جسے پاس کیا گیا اور اس کا نام ‘نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ’ تھا۔ گارنٹی کا مطلب عوام کا حق ہے۔ اگر ان سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ قانونی چارہ جوئی بھی کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کانگریس پارٹی نے دہلی کے لیے 5 ضمانتیں دی ہیں۔ دیویندر یادو نے کہا کہ ہم دہلی کے لوگوں تک پہنچے، ان کے مسائل سنے اور پھر ہم نے اپنا منشور تیار کیا۔ ہم نے اپنے منشور میں دہلی کے مسائل اور شہر کی ضروریات کو شامل کیا ہے۔منشور میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو ایک سال کے لیے 8500 روپے ماہانہ کی مالی امداد کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ پارٹی نے دہلی میں 100 اندرا کینٹین شروع کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے جہاں پانچ روپے میں کھانا دستیاب ہوگا۔
دہلی کی تمام 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 8 فروری کو ہوگی۔دہلی میں 5 فروری کو اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس سے پہلے سیاسی جماعتیں انتخابی وعدے کرنے میں مصروف ہیں۔ اب کانگریس پارٹی کا منشور سامنے آ گیا ہے۔ اس میں کانگریس نے ایک بڑا وعدہ کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اگر وہ الیکشن جیتتی ہے تو وہ دہلی کی بیوہ خواتین کی بیٹیوں کی شادی کے لیے 1.1 لاکھ روپے دے گی۔ کانگریس نے پیاری دیدی اسکیم کے تحت اس اسکیم کا اعلان کیا ہے۔
کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ ہم محروم بیواو ¿ں، ان کی بیٹیوں اور یتیم لڑکیوں کی شادی کے لیے شگن دیں گے۔ کانگریس نے اس شگن کی رقم 1.1 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔ اس وعدے کو مزید وسعت دیتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ ہم اس اسکیم کو معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کی گریجویٹ خواتین تک بھی پہنچائیں گے۔
کانگریس نے پیاری دیدی اسکیم کے تحت اور بھی کئی وعدے کیے ہیں۔ ان وعدوں میں کہا گیا ہے کہ غریب خاندان کی خاتون کو ماہانہ 2500 روپے دیے جائیں گے۔ مہنگائی ریلیف سکیم کے تحت کہا گیا ہے کہ 500 روپے میں کھانا پکانے والا گیس سلنڈر فراہم کیا جائے گا۔ ہم خاندان کو مفت راشن کٹ بھی فراہم کریں گے۔ اس میں 5 کلو چاول، 2 کلو چینی، 1 کلو کوکنگ آئل، 6 کلو دالیں اور 250 گرام چائے دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ریاستی حکومت میں نئی ??ملازمتوں میں 33 فیصد اسامیاں خواتین کے لیے مختص ہوں گی۔ کانگریس نے 100 اندرا کینٹین بنانے کی بات کی ہے۔ یہ بنیادی طور پر خواتین چلائیں گی۔
یہاں مناسب نرخوں پر کھانا فراہم کیا جائے گا۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے