دلی این سی آر

زہر افشانی کرنے والوں پرہو سخت کارروائی:مفتی محمد مکرم احمد

Published

on

(پی این این)

نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ شب براء ت میں مساجد یا گھروں میں خشوع اور خضوع کے ساتھ عبادت کریں ۔ توبہ و استغفار کی کثرت کریں نیز 15 شعبان مطابق 4 فروری 2026 بروز بدھ روزے کا اہتمام کریں نوجوانوں کو بھی عبادت میں مشغول کریں۔مسجد فتح پوری میں جلسہ شب براء ت3فروری بروز منگل رات ساڑھے نو بجے سے منعقد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سیکولر جمہوری ملک ہے یہاں گنگا جمنی تہذیب صدیوں سے ہے ہر مذہب اور ہر فرقہ کے لوگ آپس میں محبت سے رہتے آئے ہیں اس کی مثالیں ہزاروں مل سکتی ہیں لیکن کچھ لوگ اس خوشگوار ماحول کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں وہ برابر زہر افشانی کر کے پرامن ماحول کو تار تار کرنا چاہتے ہیں۔ اتر پردیش کے ضلع رائے بریلی کے شیوگڑھ میں منعقد ایک وراٹ ہندو سمیلن میں اعلانیہ طور پر نفرت انگیزی کی گئی ایک ہفتے بعد علاقہ کی پولیس نے ایف آئی آر تو درج کر لی ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ویڈیوز اور شواہد کی جانچ کے بعد کارروائی کی جائے گی اسی طرح کی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک فرقہ پرست لیڈر گاڑی پر سوار ہے ہاتھ میں مائک لیے وہ کھلے عام گالی گلوچ کرتے ہوئے انتہائی اشتعال انگیز اور قابل اعتراض بیان دے رہا ہے کھلم کھلا وارننگ دے رہا ہے کہ اگر ہندوستان میں رہنا ہے تو نعرے… لگانے ہوں گے یہ ویڈیو غازی آباد کا بتایا جا رہا ہے۔ اقلیتی فرقہ کے خلاف ایسی ہی نفرت انگیزی مدھیہ پردیش ضلع کے دھار کے اکثریتی فرقہ کے تربیتی پروگرام میں کی گئی۔یہ تینوں پروگرام ایک ہفتہ کے اندر کے ہیں۔ مفتی مکرم نے مطالبہ کیا کہ نفرت انگیزی اور جارحانہ انداز میں اشتعال انگیزی کرنے والوں کے خلاف جلد از جلد کاروائی کی جائے اور عدالت سے بھی ایسے لوگوں کو معاف نہیں کیا جانا چاہیے ۔
مفتی مکرم نے غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے لیے امداد رسانی کے پروگراموں میں تیزی لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے صہیونی جارحیت کی مذمت کی اور اقوام متحدہ نیز عالمی برادری سے اپیل کی کہ غزہ کے مظلومین کے لئے غذائی اور طبی امداد رسانی کو یقینی بنایا جائے ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network