دلی این سی آر
شب برات کھیل تماشہ کی رات نہیں ،مساجد یاگھروں میں کریں عبادت : ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد
(پی این این)
نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ ماہ شعبان المعظم میں فرائض کے ساتھ نفلی عبادتوں کا بھی اہتمام کریں اس مہینے میں صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنہم زیادہ عبادت اور تلاوت کیا کرتے تھے نیز مساکین کی مدد کرتے تھے تاکہ وہ بھی رمضان المبارک کی عبادتوں کے لیے تیار ہو جائیں انہوں نے کہا کہ 14 شعبان المعظم بروز منگل مطابق ۳ فروری کو شب براء ت ہوگی اور عرس مظہری بھی منعقد ہوگا ۔
مفتی مکرم نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ شب براء ت کے موقع پر مساجد میں یا گھروں میں عبادت کا اہتمام کریں اور نوجوانوں کو سڑکوں پر کھیل تماشے کرنے سے روکیں کچھ نوجوان اسکوٹر یا بائیک پر کرتب دکھاتے ہیں اسٹنٹ کرتے ہیں جن سے نوجوانوں کے لیے بھی خطرات پیدا ہوتے ہیں نیز عوام کو بھی شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہ رات کرتب دکھانے کے لیے نہیں ہوتی۔
مفتی مکرم نے کہا 26 جنوری کو ہر سال جشن جمہوریت بڑی شان و شان شوکت کے ساتھ منایا جاتا ہے یہ بھارت کے 140 کروڑ عوام کا شاندار تہوار ہے جسے پورا ملک بڑے جوش و خروش کے ساتھ مناتا ہے مدارس اور اسکولوں میں یوم جمہوریت کے بارے میں سماجی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں ہر مذہب اور ہر فرقے کے لوگ ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں انہوں نے کہا جمہوریت اور سیکولرازم سے ہندوستان کے وقار میں چار چاند لگے ہوئے ہیں کچھ فرقہ پرست ذہن رکھنے والے ہندوستان کے آئین کو ختم کرنے کے در پے ہیں انہیں یہ معلوم ہونا چاہیے کہ 75 سال میں ہندوستان نے جتنی ترقی کی ہے وہ اسی آئین کی دین ہے ہمیں سب کو سیکولرازم اور جمہوریت کی حفاظت کرنی چاہیے ۔مفتی مکرم نے بریلی کے محمد گنج کے ایک گھر میں کچھ مسلمانوں کی نماز باجماعت نماز ادا کرنے پر پولیس کاروائی کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا کہ بند گھر میں پرسکون طور پر نماز ادا کرنا کس قانون سے جرم ہے ۔گھروں میں عام طور پر متعدد مذاہب کے لوگ اپنے اپنے عقیدے کے مطابق مذہبی پروگرام منعقد کرتے ہیں تو مسلمانوں پر یہ ظلم کیوں؟ انہوں نے یو پی کی ریاستی حکومت اور مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ گھروں میں پرامن طور پر نماز ادا کرنے پر کوئی ایکشن نہ لیا جائے جو آزادی دوسرے مذہب والوں کو ہے وہ مسلمانوں کو بھی ملنی چاہیے۔