دلی این سی آر
مفتی محمد مکرم احمدکاچندہ نہ دینے پر مسجد اور مکانوں کو نذر آتش کرنے والوں پر کارروائی کا مطالبہ
(پی این این)
نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مفکر ملت مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں شب معراج کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم امام الانبیاء ہیں اسی لیے مسجد اقصی میں انہوں نے شب معراج میں انبیاء کرام علیہم السلام کی امامت فرمائی اور اللہ کے حضور قرب خاص میں جلوہ ًربا نی سے اسی شب میں مشرف ہوئے یہ امت کے لیے فخر کی بات ہے، یہ فضیلت کسی اور نبی و رسول کو حاصل نہیں ہے ،جو شخص نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت اور سنتوں پر عمل کرے گا یقینا وہ عظیم کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
مفتی مکرم نے شر پسند عناصر کے ذریعے تری پورہ کے اونا کوٹی ضلع میں مسلمانوں کی املاک مکانوں اور دکانوں نیز مسجد میں آگ زنی کی واردات پر شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ بھگوا عناصر کا ایک گروہ ایک مسلم شخص علی کی دکان پر مندر کے لیے چندہ لینے پہنچا دکاندار نے ان لوگوں سے کہا کہ وہ پہلے ہی کچھ رقم دے چکے ہیں اور چند دنوں میں مزید رقم دیں گے اس گروہ نے ایک نہ سنی اور فوری طور پر چندہ کا مطالبہ کیا پھر انہوں نے اس سے مار پیٹ شروع کر دی اور دیکھتے دیکھتے ان لوگوں نے کئی دکانوں، مکانوں اور مسجد میں آگ لگا دی پولیس اہلکار موقع پر تھے لیکن انہوں نے اقلیتی فرقہ پر حملہ کرنے والوں پر کوئی ایکشن نہیں لیا بعد میں 10 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ مفتی مکرم نے تری پورہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واردات میں ملوث سبھی شر پسند عناصر کو گرفتار کیا جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے اور اقلیتی فرقہ کے افراد کی حفاظت کی جائے انہوں نے کہا کہ چندہ تو ایک بہانہ تھا یہ بڑی سازش ہے اس پر ایکشن ہونا چاہیے۔
مفتی مکرم نے اسلامی جمہوریہ ایران میں تشدد اور بدامنی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یو این او سے مطالبہ کیا کہ ایران سے بیرونی مداخلت کو بند کرایا جائے ایران میں احتجاجی مظاہرے مہنگائی کے خلاف شروع ہوئے تھے بعد میں انہوں نے شدید تشدد کا رخ اختیار کر لیا، پرتشدد مظاہرے کئی شہروں میں پھیل گئے اور اس میں بہت سے لوگوں کی ہلاکت بھی ہو گئی مظاہرین نے کئی مسجدوں کو بھی آگ لگا دی اور مذہبی کتابوں قرآن کریم کی بے حرمتی بھی کی اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مظاہرین غیر مذہب کے ہیں جو بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں، یو این او سے ہماری اپیل ہے کہ بین الاقوامی قوانین پر عمل کرتے ہوئے ایران میں بیرونی مداخلت کو روکا جائے ہر ملک کی آزادی اور خود مختاری کو تحفظ ملنا چاہیے۔