دلی این سی آر
بہار میں ماب لنچنگ کے بڑھتے واقعات پر مفتی محمد مکرم کا اظہار تشویش
(پی این این)
نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے اپیل کی کہ نوجوانوں کی دینی تعلیم و تربیت کی طرف توجہ کریں اور کم عمر بچوں کو موبائل کے زیادہ استعمال سے روکنے کی کوشش کریں تاکہ نوجوان گمراہ نہ ہو ں.
انہوں نے بہار میں روز بروز ہجومی تشدد اور لنچنگ کے واقعات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ بہار میں موجودہ حکومت قائم ہونے کے بعد سے ایک مخصوص فرقے کے خلاف نفرت میں اضافہ ہو رہا ہے یہ تشویش کی بات ہے نالندہ کے اطہر حسین کو نوادہ ضلع میں شدید زدوکوب کیا گیا جس کے بعد موت ہو گئی ۔ مظفر پور ضلع میں ایک معمر شخص پر ہجوم کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی اور سپول ضلع کے باشندہ مرشد عالم کو بے رحمی سے پیٹ پیٹ کر زخمی کر دیا گیا ،مذہب اور نفرت کی بنیاد پر سنگین جرم کرنے والوں پر جلد از جلد کاروائی ہونی چاہیے۔بہار میں لنچنگ کا کوئی واقعہ رونما نہ ہواس کے لیے حکومت کو سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔
مفتی مکرم نے مدھیہ پردیش کے ریوا شہر سے متصل چورر ہٹا تھا نہ علاقہ کے اموا نامی گاؤں میں سماج دشمن عناصر کے ذریعے رات کی تاریکی میں ایک قدیم درگاہ کو مسمار کیے جانے کی شدید مذمت کی یہ درگاہ صدیوں پرانی بتائی گئی ہے اس سے متصل قبرستان میں کئی قبروں کے نوشتہ جات کو توڑنے اور قبروں کی توڑ پھول پر بھی انہوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ مذکورہ درگاہ کو مسمار کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور جو لوگ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برباد کرنا چاہتے ہیں ان کو بخشا نہیں جانا چاہیے۔
مفتی مکرم نے مسجد درگاہ فیض الٰہی احاطہ میں ایم سی ڈی کی طرف سے انہدامی کارروائی کی شدید مذمت کی انہوں نے کہا ہائی کورٹ میں مقدمہ کی سماعت چل رہی ہے تو پھر رات کے 2بجے اتنی جلدی کارروائی نہیں ہونی چاہئے تھی یہ سب اوقاف کی جگہ ہے۔