بہار

سارک ممالک کے صحافیوں اور ادیبوں کا نالندہ میں چوتھابین الاقوامی مادری زبان کانفرنس کا شاندار انعقاد

Published

on

(پی این این)
نالندہ:سارک جرنلسٹ فورم انڈیا چیپٹر بہار، نالندہ اوپن یونیورسٹی، امرپالی کلا ساہتیہ سمیلن اور ہیومن رائٹس ٹوڈے کے اشتراک سے 04 اور 05 جنوری کو بہار کا چوتھا دو روزہ بین الاقوامی مادری زبان کانفرنس نالندہ میں پوری آب و تاب کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس بین الاقوامی کانفرنس میں بھارت، نیپال، بنگلہ دیش، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ماریشس سے آئے صحافیوں، ادیبوں اور ثقافتی سفیروں نے شرکت کرکے علم و دانش کی تاریخی سرزمین نالندہ کو روشن کیا۔
کانفرنس کا افتتاح سابق گورنر سکم گنگا پرساد نے کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ علم کی اس تاریخی دھرتی نالندہ نے ایک بار پھر اپنی عظمت کو ثابت کیا ہے، اور اس میں سارک ممالک کے صحافیوں اور ادیبوں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے بہار کی سرزمین پر تشریف لانے اور نئی توانائی کے فروغ پر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کی صدارت بہار ہندی ساہتیہ سمیلن کے صدر ڈاکٹر انیل سلبھ نے کی، جنہوں نے مادری زبانوں اور قومی زبان کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ماریشس سے آئی سابق نائب وزیر اعظم کی اہلیہ، بین الاقوامی ثقافتی سفیر اور معروف ادیبہ ڈاکٹر سریتا بدھو نے بہار کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نالندہ کی علمی روایت پوری دنیا میں مشہور ہے اور یہی کشش انہیں بار بار بہار کھینچ لاتی ہے۔ انہوں نے کانفرنس کے کنوینر ڈاکٹر ششی بھوشن کمار کی کوششوں کی ستائش کی۔
اس موقع پر پدم شری ڈاکٹر جے کے سنگھ، پدم شری بمل جین، تھائی لینڈ کے ڈاکٹر پی سی چندرا، نیپال سے سارک جرنلسٹ فورم کے بین الاقوامی صدر راجو لاما، بنگلہ دیش سے بین الاقوامی جنرل سیکریٹری محمد عبد الرحمن، اور ڈاکٹر برج نندن کمار سنہا سمیت کئی معزز شخصیات نے اپنے خیالات پیش کیے۔ افتتاحی اجلاس کے بعد انسانی حقوق اور صحافت پر مبنی اجتماعی گیت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سریتا بدھو، پدم شری ڈاکٹر جے کے سنگھ، ڈاکٹر برج نندن کمار سنہا اور ڈاکٹر سشمتا پانڈے کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ 21 شخصیات کو نالندہ انٹرنیشنل اچیورز ایوارڈ 2025 اور 51 شخصیات کو بہار گورو ایوارڈ 2025 سے سرفراز کیا گیا۔
کانفرنس کے دوران دو اہم کتابوں کا اجراء کیا گیا، جن میں “بہار کا گورو: نالندہ اور مادری زبان” (مرتبہ: ڈاکٹر ششی بھوشن کمار اور پروفیسر رویندر ناتھ شریواستو) اور بھوجپوری مصور وندنا شریواستو کی کتاب “بھوجپوری کلا کے بہانے” شامل ہیں۔ اسی موقع پر بین الاقوامی سطح پر بھارت اور بہار کی ثقافت و زبان کے فروغ کے لیے “ویشالی بین الاقوامی ودیاپیٹھ” کے قیام کا اعلان کیا گیا، جس کی تجویز پر تمام ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے دستخط کرکے اپنی فکری تائید دی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network