بہار
اوقاف کی جائداد سے دستبردار ی ہرگز قبول نہیں: امارت شرعیہ
(پی این این)
پٹنہ : امارت شرعیہ بہار اڈیشہ جھارکھند پھلواری شریف پٹنہ کے زیر اہتمام امیر شریعت مفکر ملت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی ہدایت اور ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی صاحب کی اجازت سے جامع مسجد ڈہری اون سون میں ضلع رہتاس کے متولیان اوقاف، علماء وائمہ اور دانشوران کا ایک خصوصی تربیتی کیمپ منعقد ہوا ،جس کی صدارت نائب ناظم امارت شرعیہ مولانا مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی نے کی اور بطور ٹرینر مولانا عبد اللہ جاوید ثاقبی اور مولانا منہاج عالم ندوی نے شرکت کی ۔
اس تربیتی کیمپ کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور نعت رسول سے ہوا ، تمہیدی گفتگو کرتے ہوئے تربیتی کیمپ کے داعی اور ضلع رہتاس کے قاضی شریعت مولانا احسان الحق قاسمی نے کہا کہ اوقاف کے رجسٹریشن کے تعلق سے ضلع کے مسلمانوں میں کافی بے چینی تھی اور اس سلسلہ میں لوگ بار بار ہم سے رجو ع کررہے تھے؛چنانچہ میری گذار ش پر امیر شریعت اور ناظم امار ت شرعیہ نے اس کیمپ کی منظوری دی ا ور اس وقت آپ حضرات اس کیمپ میں جمع ہیں ، اس کیمپ کے انعقاد کا مقصد رجسٹریشن کے تعلق سے صحیح معلومات آپ تک پہونچانا اورامید پورٹل پر کاغذات اپلوڈ کرنے کے طریقے سے واقف کرانا ہے۔
صدر اجلاس مولانا مفتی سہراب ندوی قاسمی نے قدرے تفصیل کے ساتھ اوقاف سے متعلق موجودہ صورت حال اور اوقاف کو امید پورٹل پر اپلوڈ کرنے کے سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ امید پورٹل پر انہیںجائداد کو اپلوڈ کیاجانا ہے جو پہلے سے وقف بورڈ میں رجسٹرڈ ہیں ابھی حکومت کے طرف سے صرف رجسٹرڈ جائداد کو اپلوڈ کرنے کی بات کہی گئی ہے، ان کے علاوہ جو اوقاف کی جائداد ہیں ان کے لئے کوئی گائدلائن جاری نہیں ہوئی ہے، اس لئے غیر رجسٹرڈ اوقاف کے ذمہ داروں کو بے چین نہیں ہونا چاہئے،بلکہ ایسی جائدا د وں کے کاغذات کی فراہمی پر توجہ دینی چاہئے، ان شاء اللہ اس سلسلہ میں امارت شرعیہ کی طر ف سے جلد ہی مضبوط نقشہ عمل جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اوقاف کی جائداد ملت کا قیمتی سرمایہ ہے اور اسلامی نظام کا بڑا حصہ اسی سے مربوط ہے ، ملک کے آئین نے مسلم پر سنل لا کو تحفظ دیا ہے، اور وقف بھی اس کا ایک اہم حصہ ہے اس لئے کسی قیمت پر وقف کی جائداد سے دستبردار ی قابل قبول نہیں ہوگی، اس موقع پر مولانا عبد اللہ جاوید ثاقبی اور مولانا منہاج عالم ندوی نے عملی طو رپر امید پورٹل پر جائداد کو اپلوڈ کرنے کے طریقے بتائے اور اس سلسلہ میں ضروری معلومات سے واقف کرایا لوگوںنے اس تربیتی کیمپ سے بے حد اطمینان کا احساس کیا، تربیتی کیمپ میں پورے ضلع سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔آخر میں صدر اجلاس کی دعاء پر مجلس کا اختتام ہوا ۔