دلی این سی آر
مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی قابل مذمت،شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کرے حکومت :ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد
(پی این این)
نئی دہلی :شاہی امام مسجد فتح پوری مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمدنے جمعہ کی نماز سے قبل خطاب میں مسلمانوں سے پرزور اپیل کی کہ نوجوانوں کی دینی تعلیم و تربیت کی طرف خصوصی توجہ دیں نوجوان ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں ان کی نگہداشت میں لا پرواہی شدید نقصان کا باعث ہوگی۔
انہوں نے کچھ لیڈروں اور تنظیموں کی طرف سے مسلسل مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی اور ان کے خلاف سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ۔غازی آباد میں اکثریتی فرقہ کے درمیان تلواریں تقسیم کیے جانے کی بھی انہوں نے مذمت کی اور کہا ہمیں امید ہے کہ غیر قانونی طور پر تلوار یں تقسیم کرنے والوں پر جلد کارروائی ہوگی اور امن برباد کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ غازی آباد کے ڈاسنہ میں یتی نر سنگھا نند سرسوتی نے اپنی عادت کے مطابق ایک بار پھر اکثریتی فرقہ کو اکساتے ہوئے آئی ایس آئی ایس جیسی تنظیم بنانے کا مطالبہ کیا۔ یتی نرسنگھانند نے کہا کہ ہندوؤں کو اب خود کش دستے بنانے چاہئیں ۔ مفتی مکرم نے کہا کہ بھارت میں ہر فرقہ کے لوگ یکجہتی اور محبت کے ساتھ رہتے آئے ہیں اور آگے بھی سب مل جل کر رہنا چاہتے ہیں فرقہ پرستی پھیلانے والے اور اشتعال انگیزی کرنے والے بہت کم ہیں وہ کبھی اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ بھارت کی گنگا جمنی تہذیب صدیوں پرانی ہے یہ ملک کی شان ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں اور جنگ بندی کے خلاف ورزی کے باوجود امن منصوبہ جلد دوسرے مرحلے میں داخل ہونے والا ہے مفتی مکرم نے کہا غزہ کی وزارت صحت میں شعبہ نگہداشت وفارمیسی کے ڈائریکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ دواؤں اور طبی ساز و سامان کی کمی کے باعث دو لاکھ مریض اور 10 ہزار آپریشن متاثر ہو سکتے ہیں جبکہ قابض اسرائیل اب بھی طبی امداد کی ترسیل روک رہا ہے مفتی مکرم نے یو این او اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ کے باشندوں پر ظلم و ستم کو بند کرایا جائے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی بند کرائی جائے۔