دلی این سی آر
خواجہ غریب نوازؒکے عرس کے موقع پر ایل جی وی کے سکسینہ نے بھیجی چادر
(پی این این)
نئی دہلی:دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی.کے سکسینہ نے سالوں قدیمی روایت کوبرقرار رکھتے ہوئے حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتیؒ کے814ویں عرسِ مبارک کے پُرنور موقع پرعقیدت واحترام کے ساتھ چادرِ شریف پیش کی۔اس روحانی اورباوقارموقع پرخواجہ غریب نوازؒ کی درگاہ سے وابستہ عالمگیر پیغامِ محبت، امن اورانسانیت کوخراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر راج نواس میں منعقد دہلی کے ایل جی نے ایک خصوصی وفد کو چادر شریف پیش کی اورملک میں امن وسلامتی کی خاص دعاء کی اپیل کی۔ اس دوران عرس کمیٹی دہلی کے سابق چیئرمین ایف۔ آئی اسماعیلی،محمدمصطفی، پرویزنور،وقاربھوپالی، اسلام الدین،مونابھائی،حافظ محمدغفران نقشبندی شریک ہوئے۔ چادر پوشی کے اس عمل کو روحانی روایات کے مطابق انجام دیاگیا،جسکے دوران ملک میں امن،بھائی چارے اورہم آہنگی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
ایل جی وی۔کے سکسینہ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ معین الدین چشتیؒ کی تعلیمات آج کے عہدمیں بھی نہایت اہم ہیں،کیونکہ وہ محبت،رواداری،خدمتِ خلق اورانسان دوستی کادرس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کے پیغامات نے ہمیشہ ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط کیا ہے اورمختلف مذاہب و طبقات کے درمیان اتحاد و یگانگت کوفروغ دیا ہے۔ایل جی نے ملک اوربالخصوص دہلی کے عوام کیلئے امن،خوشحالی اور ترقی کی دعا کی اور اس امیدکااظہارکیا کہ خواجہ غریب نوازؒ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں نفرت،تعصب اور تفرقہ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔تقریب کے اختتام پر قومی یکجہتی، باہمی احترام اورسماجی ہم آہنگی کے عزم کااعادہ کیا گیا، جبکہ شرکاء نے اس روحانی موقع کو ایمان افروز اور دلوں کو جوڑنے والاقرار دیا۔