بہار
وزیر زراعت کو بارش کی وجہ سے فصل نقصان کے مسئلہ سے کرایاگیا آگاہ
(پی این این)
چھپرہ :ایم ایل اے چھوٹی کماری نے پٹنہ میں وزیر زراعت رام کرپال یادو سے ملاقات کی۔انہوں نے انہیں گزشتہ دنوں مسلسل بارش کی وجہ سے کسانوں کو ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ بارش کی وجہ سے شدید پانی جمع ہوگیا ہے۔کھیتوں میں کئی فٹ تک پانی بھر جانے سے ربیع سیزن کی گندم کی بوائی مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہے۔کسانوں کو کافی مالی نقصان کا سامنا ہے۔
ایم ایل اے کماری نے وزیر زراعت کو ایک عرضداشت بھی پیش کی۔جس میں متاثرہ کسانوں کے لیے فوری امداد اور پانی کی نکاسی کے لیے ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پھکولی،جمنا مٹھیا،تیج پوروا،مہتو مسہری،میرا مسہری،باجیت پور،ترکواریہ،نینی،جٹوا،سدھوریا،کرینگا،مگائی ڈیہ،میتھولیا،سندہ،رتن پورہ اور چھپرا اسمبلی حلقہ کے دیگر آس پاس کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان دیہاتوں میں نکاسی آب کا مناسب نظام نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی حالت زار انتہائی ابتر ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ دیہات کو زرعی آفات سے متاثرہ علاقہ قرار دیا جائے،کسانوں کو ڈیزاسٹر ریلیف معاوضہ فوری طور پر فراہم کیا جائے،کھیتوں سے پانی نکالنے کے لیے پمپ سیٹس کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے،نالوں اور نکاسی آب کے چینلز کی صفائی کی جائے اور اضافی نکاسی آب کے چینلز کی تعمیر کے فوری انتظامات کیے جائیں۔ایم ایل اے نے کہا کہ اگر بروقت پانی کی نکاسی نہ کی گئی تو اس سال پورے علاقے میں گندم کی کاشت ناممکن ہو جائے گی۔جس سے کسانوں کی روزی روٹی کو شدید خطرہ لاحق ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر نے تمام مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر مناسب کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔