بہار
بابا صاحب امبیڈکر کو پیش کیاگیا خراج عقیدت
(پی این این)
چھپرہ :بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی 70ویں برسی کے موقع پر امبیڈکر استھل پر مجسمہ پر گلپوشی کر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔شیڈیولڈ کاسٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اجیت کمار مانجھی نے کہا کہ پورا ملک ہندوستانی آئین کے معمار اور مظلوموں کی آواز دینے والے عظیم رہنما ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کے مہاپری نروان دیوس پر یاد کر رہا ہے۔ان کی انتھک کوششوں،دلیرانہ کاوشوں نے پسماندہ طبقات کے حقوق کو یقینی بنایا۔انصاف اور مساوات اور آئینی اقدار نے ہندوستان کے ترقی کے سفر کو تشکیل دیا ہے۔ٹیچر لیڈر شیلیندر رام نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے ذریعے ایک جامع سماج کی تعمیر کرنا بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو حقیقی خراج عقیدت ہوگا۔
انہوں نے بابا صاحب کے تعلیم حاصل کرو،منظم بنو اور ترقی کرو کے کال کا حوالہ دیا۔نائب صدر انیل کمار مانجھی نے اس موقع پر کہا کہ بابا صاحب نے 6 دسمبر 1956 کو آخری سانس لی۔لیکن ان کے نظریات آج بھی سب کو برابری اور انصاف کا راستہ دکھاتے ہیں۔ونود کمار چودھری نے امبیڈکر کی خدمات کو ملک کا سب سے بڑا ورثہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے اپنی پوری زندگی ملک کے لیے وقف کر دی اور آئین کا مسودہ بنا کر ہر شہری کو زندگی اور عزت کے حق کی ضمانت دی۔
پروگرام کے دوران موجود سریش کمار مانجھی،دلیپ رام،جتیندر مانجھی اور دیگر نے اپنے آپ کو بابا صاحب کے نظریات کے لیے وقف کرنے،ان کی تعلیمات کو عوام تک پہنچانے کا عہد کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ آج کے دور میں سماجی انصاف،تعلیم اور مساوی حقوق کے جذبے کو تقویت دینا ہی بابا صاحب کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔