اتر پردیش
پروفیسر نعیمہ خاتون نے جے این میڈیکل کالج میں ڈی بی ٹی–نِدان کیندر کا کیاافتتاح
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) میں ڈی بی ٹی–نِدان کیندر کا افتتاح کیا اور بچوں کے امراض اور امراضِ نسواں و زچگی کے شعبوں کے اشتراک سے منعقدہ کنٹینیونگ میڈیکل ایجوکیشن (سی ایم ای) پروگرام کے دوران امراض سے متعلق آگہی مہم کا آغاز کیا۔ حکومتِ ہند کے محکمہ بایو ٹکنالوجی سے تعاون یافتہ یہ اقدام مغربی اتر پردیش میں جینیاتی تشخیص اور زچہ و بچہ صحت کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔تنظیمی سربراہان پروفیسر تمکین خان (امراضِ نسواں و زچگی) اور پروفیسر زیبا ذکاء الرّب (شعبہ امراض اطفال) نے مندوبین کا خیرمقدم کیا۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے نِدان کیندر کے قیام کو تحقیق پر مبنی کلینیکل خدمات، کمیونٹی آؤٹ ریچ اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ مالیاتی مرحلے کے دوران کلیدی تعاون فراہم کرنے پر پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان کو بھی سراہا گیا، جس کی بدولت اہم لیبارٹری آلات کی بروقت خریداری ممکن ہو سکی۔تقریب میں مہمانِ اعزازی پروفیسر سیما کپور (ڈائریکٹر، ڈپارٹمنٹ آف میڈیکل جینیٹکس، ایم اے ایم سی) کے علاوہ پروفیسر مدھولیکا کابرا (سائنس داں ایمرٹس، آئی سی ایم آر) اور پروفیسر کوشک منڈل (ایس جی پی جی آئی)بطور خاص شریک ہوئے۔
ڈی بی ٹی کے 2.12 کروڑ روپے کے گرانٹ سے قائم اُمّید-نِدان کیندر میں مختلف خدمات فراہم کی جائیں گی، جن میں قبل از پیدائش تھیلیسیمیا جانچ، پیدائشی نقائص کی اسکریننگ، نوزائیدہ بچوں کی پانچ بیماریوں کی جانچ اور جینیاتی ٹیسٹنگ اور مشاورت شامل ہیں۔ یہ تمام خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں، اور یہ مرکز ہر کام کے دن میں صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔انٹرڈسپلینری ٹیم کی قیادت پروجیکٹ کوآرڈینیٹر اور پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر تمکین خان کر رہی ہیں، جبکہ ڈاکٹر عائشہ احمد اور ڈاکٹر گلنار نادری (شعبہ امراض اطفال)، پروفیسر حامد اشرف (اینڈوکرائنولوجی)، ڈاکٹر مہدی حیات شاہی (آئی بی آر سی)، پروفیسر افضل (زولوجی) اور ڈاکٹر احمد فراز (فزیالوجی) بھی اہم خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پروفیسر زہرہ محسن (چیئرپرسن، امراض نسواں و زچگی) کے تعاون کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا۔اپنی جدید سہولیات کے ساتھ، ڈی بی ٹی–نِدان کیندر، خطے میں جینیاتی بیماریوں کے لیے ایک امتیازی مرکزکے طور پر ابھرنے کے لیے تیار ہے۔