بہار

اسمیتا ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس لیگ میں لڑکیوں کاجلوہ

Published

on

(پی این این)
چھپرہ :بہار کے چھپرہ ضلع کے کھیل کی تاریخ میں ایک نیا باب اس وقت جڑ گیا جب جے پرکاش یونیورسٹی کے اسپورٹس کمپلیکس میں پہلی مرتبہ اسمیتا ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس لیگ کا انعقاد ہوا۔کھیلو انڈیا کے تحت سارن ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ایتھلیٹکس فیڈریشن آف انڈیا اور مرکزی وزارت کھیل اور امور نوجوانون کے اشتراک سے لڑکیوں کو نیا پنکھ دینے کے مقصد سے منعقد کی گئی یہ لیگ پورے ضلع میں جوش و خروش کا مرکز بنی رہی۔افتتاح بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین اور ریاستی و ضلع ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر سلیم پرویز نے پرچم کشائی کرکے کیا۔
اس موقع پر کارگزار صدر اجے کمار سنگھ،سکریٹری گجیندر کمار سنگھ،کارگزار سکریٹری نیلابھ گنجن راکا،پروفیسر امیت سوربھ،شیام دیو سنگھ اور راجکشور تیواری موجود تھے۔سلیم پرویز نے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلو انڈیا اقدام نے ملک کے نوجوانوں کی ذہنیت کو بدل دیا ہے۔آج کھیل کیریئر کا ایک موقع بن گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج لڑکیاں ہر میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں۔اسمتا ایتھلیٹ لیگ جیسے اقدامات انہیں قومی اور بین الاقوامی نمائش کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر تم کھیلو گے تو کھلو گے اور قوم کا نام روشن کرو گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ یونیورسٹی میں بنائے گئے سنتھیٹک ٹریک کو مینٹین رکھنے اور سرگرمیاں بڑھانے کے لئے
یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے گا۔ایوارڈ تقریب کے مہمان خصوصی سابق وزیر اور امنور کے ایم ایل اے کرشن کمار منٹو سنگھ نے کہا کہ ہمارے ضلع کا ہر بچہ ہیرا ہے۔ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن انہیں نکھار کر ہیرے کی طرح چمکا رہی ہے۔موجودہ حکومت نے نچلی سطح پر سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کیا ہے۔سنتھیٹک ٹریک اور ملحقہ میڈیکل کالج اس کی مثال ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آنے والے مراحل میں منتخب کھلاڑیوں کو ضلعی سطح سے ریاست اور پھر قومی سطح تک آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ایم ایل اے چھوٹی کماری نے کہا کہ اسمتا ڈسٹرکٹ ایتھلیٹکس لیگ نے بچیوں کو نئے خوابوں کو پنکھ دیے ہیں اور سارن کی لڑکیوں میں اسپورٹس مین شپ کا جذبہ پیدا کیا ہے۔اس سے ضلع کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ لڑکیاں کسی بھی لحاظ سے کم نہیں ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے مزید محنت کریں گی۔اسپورٹس کمپلیکس کا ماحول صبح سے ہی خوش گوار اور پرجوش تھا۔
ضلع کے مختلف بلاکس اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 400 شرکاء نے ایتھلیٹکس کے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔جن میں 60 میٹر،600 میٹر دوڑ،لمبی کود،اونچی کود،جیولن تھرو،شاٹ پٹ،ڈسکس تھرو اور بیک تھرو شامل ہیں۔تکنیکی افسران مرتونجے کمار سنگھ،پنکج چوہان،گوری شنکر،روپ نارائن،رانا یشپال سنگھ،امت کمار گری،سنجے کمار سنگھ،کمل کمار،پرنس،روہت،ایکلویہ کوچ و قومی کھلاڑی شویتا،کشور کنال اور دیگر نے مقابلے کے انعقاد میں بہترین تال میل کا مظاہرہ کیا۔
مقابلے کے انڈر 16 زمرے میں گرکھا کی ارپیتا نے گولڈ،امنور کی پوجا نے سلور اور گرکھا کی اُجالا نے کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔600 میٹر کی دوڑ میں راجا پٹی کی سنی،امنور کی راگنی اور ساتھی کلب چھپرہ کی روپا نے پہلا، دوسرا اور تیسرا مقام حاصل کیا۔امنور کی آرتی، پوجا اور راگنی نے ڈسکس میں،امنور کی پوجا،راگنی اور سمریدھی نے جیولن میں،امنور کی آرتی،پرسا کی کمل اور آنند کی انو شاٹ پٹ میں اور امنور کی نبھا اور پرسا کی انو کو اونچی چھلانگ میں رکھا گیا۔فاتحین کو مہمان خصوصی سابق وزیر اور ایم ایل اے کرشن کمار منٹو اور چھپرہ ایم ایل اے چھوٹی کماری نے میڈل اور سرٹیفکیٹ دے کر اعزاز سے نوازا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network