اتر پردیش
جمعیۃ علما کانپور کا ایس آئی آر کولیکر بیداری مہم چلانے کااعلان
(پی این این)
کانپور:مدرسہ عربیہ فیض العلوم، وارڈ نمبر ۳ پکھرایاں، کانپور دیہات میں جمعیت علماء کانپور دیہات کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں مجلس عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔ میٹنگ میں متعدد اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا اور آئندہ کے لائحۂ عمل پر اتفاق رائے ہوا۔صدر جمعیت علماء کانپور دیہات، مولانا عبدالماجد قاسمی (ناظم مدرسہ عربیہ مدینۃ العلوم، پکھرایاں) نے میٹنگ میں اس بات پر زور دیا کہ ضلعی سطح پر زیادہ سے زیادہ افراد کو جمعیت علماء سے جوڑنے کی مہم چلائی جائے، تاکہ تنظیم کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اراکین و کارکنان عوام سے براہ راست ملاقاتیں کریں، اور انہیں ممبر سازی کی اہمیت سے آگاہ کرکے جمعیت کے پلیٹ فارم سے منسلک ہونے کی ترغیب دیں۔
میٹنگ میں اس بات پر بھی زور دیا کہ خدمت خلق کا جذبہ جمعیت کے ہر رکن کے دل میں ہونا چاہئے، اور بلا تفریق مذہب و ملت، ضرورت مندوں کی مدد اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی مختلف ریاستوں میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ووٹر لسٹ کی تجدید اور ایس آئی آر (Special intensive Revision) کا سلسلہ جاری ہے۔ اتر پردیش میں بھی یہ عمل جاری ہے، جس کے تحت جمعیت علماء کانپور دیہات بیداری مہم شروع کرے گی، عوام کو ووٹر لسٹ میں اندراج کے لیے ترغیب دے گی اور اس مقصد کے لیے ایک خصوصی طور پر میدانی سطح پر کام کرے گی۔
میٹنگ میں صدر جمعیت مولانا عبدالماجد قاسمی کے علاوہ مولانا مبین قاسمی (جنرل سکریٹری)، قاری نعیم پکھرایاں (سرپرست)، مولانا سلیم قاسمی، مولانا خالد قاسمی، حافظ مقتدیٰ ، حافظ اسعدڈیرہ پور، حافظ زاہد اور محمد ثانی شریک ہوئے۔