اتر پردیش
اے ایم یو پیرا میڈیکل کالج نے خون کے عطیہ کی مہم میں قائم کیا نیا ریکارڈ
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے پیرا میڈیکل کالج میں سالانہ سر سید ڈے تقریبات کے سلسلے میں رضاکارانہ خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی بھرپور شرکت کے ساتھ کالج نے ایک نیا سنگ میل حاصل کیا۔
”اے ڈراپ فار ہیومینٹی“ (انسانیت کے لیے ایک قطرہ) کے عنوان سے منعقدہ اس مہم میں طلبہ کے جوش و خروش سے زائد از 40 یونٹس خون جمع کیا گیا جو جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج اسپتال (جے این ایم سی ایچ) کے بلڈ اینڈ کمپوننٹ سینٹر میں محفوظ کیا گیا۔
پرنسپل پروفیسر قاضی احسان علی نے طلبہ کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بے غرض سرگرمیاں سر سید احمد خاں کے وژن کی عکاسی کرتی ہیں اور آنے والے طبی پیشہ وروں کے لیے خدمتِ خلق کے اعلیٰ ترین اصولوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔
شعبہ پیتھالوجی کے ڈاکٹر محسن اعجاز، جو اس پروگرام کے نگران اور کوآرڈی نیٹر تھے، نے کہا کہ جے این ایم سی ایچ جیسے بڑے اسپتالوں میں، خاص طور پر حادثاتی مریضوں اور تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کے لیے باقاعدہ خون عطیہ کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔
بیچلر اِن میڈیکل لیبارٹری سائنس (بی ایم ایل ایس) کے طلبہ نے اس مہم میں نمایاں کردار ادا کیا اور کیمپ کو منظم و مؤثر انداز میں چلایا۔ طلبہ عبدالرحمن فیصل، ذکرہ پروین اور نورالفرقان نے عطیہ دہندگان کی سہولت اور پروگرام کے انتظام میں اہم کردار ادا کیا۔