اتر پردیش

ڈاکٹر لکشمی نے سر سید احمد خاں کو خراج عقیدت کے طور پر اپنی متاثر کن پینٹنگ اے ایم یو وائس چانسلر کو پیش کی

Published

on

(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی اسکول ٹیچر اور معروف آرٹسٹ ڈاکٹر لکشمی نے بانیئ درسگاہ سر سید احمد خاں ؒ کی زندگی اور وژن سے متاثر ہو کر ایک دلکش پینٹنگ تخلیق کی۔ یہ فن پارہ سر سید کی جدوجہد، عزم اور مشکلات کے باوجود یونیورسٹی کی بنیاد رکھنے کی ان کی انتھک کوششوں کو خوبصورت انداز میں پیش کرتا ہے۔
اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) کی ٹیچر ڈاکٹر لکشمی نے یہ پینٹنگ سر سید کے یوم پیدائش کے موقع پر اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کو پیش کی۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کے دفتر رابطہ عامہ کی ممبر انچارج پروفیسر وبھا شرما بھی موجود تھیں۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ڈاکٹر لکشمی کے اس خوبصورت اقدام کو سراہتے ہوئے فن پارے اور فنکارہ دونوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پینٹنگ سر سید کے وژن اور قومی تعمیر میں ان کے کردار کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کرتی ہے۔
اپنے تاثرات میں ڈاکٹر لکشمی نے سر سید کے اتحاد و ہم آہنگی کے پیغام کو یاد کرتے ہوئے ان کے الفاظ دہرائے کہ ”ہندو اور مسلمان اس قوم کی دو آنکھیں ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ میں نے یہ پینٹنگ اس دور اندیش رہنما کو خراجِ عقیدت کے طور پر بنائی ہے، جس نے صبر، یقین اور مسلسل محنت کے ذریعے اس عظیم ادارے کی بنیاد رکھی۔ ڈاکٹر لکشمی نے مزید کہا کہ یہ فن پارہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ سر سید نے مشکلات، مخالفت اور تنقید کے باوجود اپنے مشن، تعلیم کے ذریعے قوم کو روشنی دینے سے قدم کبھی پیچھے نہیں ہٹائے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے خواب کو آگے بڑھائیں اور اے ایم یو کو ملک کی صف اول کی یونیورسٹی بنائیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network