بہار
اردو ہائی اسکول میں جمعہ کی چھٹی و اردو میں جواب لکھنے کے لئے بیداری مہم کا آغاز
(پی این این)
مظفر پور: اردو ہائی اسکول میں جمعہ کی چھٹی اور بہار کی دوسری سرکاری زبان اردو میں امتحان کے سوال کا جواب دینا ہمارا آئینی حق ہے۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے کہی ہے۔ محمد رفیع نے یہ بھی کہا کہ اردو ہماری مادری زبان ہے، بہار کی دوسری سرکاری زبان ہے اور یہ ہماری تہذیب و تمدن کا ضامن ہے۔ رفیع نے یہ باتیں آج عوامی بیداری مہم کے تحت کڈھنی بلاک کے مور نصف میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
محمد رفیع نے بتایا معلوم ہو کہ سیتامڑھی اور شیوہر ضلع تعلیمی افسر نے جمعہ کے دن اردو ہائی اسکول کھولنے اور اتوار کو ہفتہ واری چھٹی کا حکم نامہ جاری کیا ہے ساتھ ہی بہار اسکول اگزامنیشن بورڈ پٹنہ نے انٹر کے رجسٹریشن میں امتحان دینے کا ذریعہ ہندی اور انگریزی میں سے ہی کوئی ایک زبان سیلیکٹ کرنے کا آپشن کے خلاف قومی اساتذہ تنظیم بہار نے آج کڈھنی بلاک کے مور نصف میں ایک عوامی بیداری مہم چلا کر یہ اپیل کی کہ کسی بھی حال میں جمعہ کو اردو ہائی اسکول کو نہیں کھلے اور انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں میٹرک اور انٹر کے طلبہ کو محکمۂ تعلیم اور حکومت بہار کو خطوط ارسال کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی صدر نے کہا کہ اردو زبان ہمارے معاش کا بہترین ذرائع ہے اور تمام دینی کتابیں بھی اردو زبان میں ہیں اس لئے اس کا تحفظ لازمی طور پر کرنا ہے۔ محمد رفیع نے اس موقع پر کہا کہ آج اس بیداری مہم کی شروعات کڈھنی کے مور نصف سے ہوئی ہے اور بہار میں جہاں کہیں بھی اردو ہائی اسکول قائم ہے وہاں جا کر عوام کو بیدار کیا جائے گا۔
نشست میں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی مجلس عاملہ کے رکن رضی احمد، محمد امان اللہ، محمد جاوید عالم، وقار عالم و محمد ممتاز الحق کے ساتھ تعلیمی مرکز تنظیم کے رہنما عبد الوارث، محمد شوکت، امام جماع مسجد مور نصف حافظ منظر عالم، مفتی محمد عزیر، محمد آفتاب عالم چاند، الحاج سعداللہ، الحاج محمد ناظم، محمد طفیل، ماسٹر محمد بشیر اور محمد عامر وغیرہ شامل ہیں۔