اتر پردیش
اے ایم یو کے جرمن زبان کے طلباکا ڈاڈ آن سیٹ اسکالرشپ ٹسٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ
(پی این این)
علی گڑھ: فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں شعبہ غیرملکی زبانیں کے بی اے جرمن اسٹڈیز کے طلبہ نےمنعقدہ ڈاڈ آن سیٹ اسکالرشپ ٹسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ آن سیٹ،لسانی اہلیت کو پرکھنے کا ٹسٹ ہے اور یہ ڈاڈ سے امداد یافتہ یونیورسٹی سمر کورس میں درخواست دینے کے لئے لازمی ہے۔کامیاب ہونے والے طلبہ میں محمد بلال، شمامہ سیف، حریم بیگ، سونیا پرجاپتی، اقرا نسیم، زویا صندلی، سبط مصطفیٰ، محمد آصف اور محمد اے رضا شامل ہیں۔ ان میں سے، اقرا نسیم نے بی 2پروفیشیئنسی سطح میں کامیابی حاصل کی، جبکہ دیگر طلبہ بی 1 سطح پر کامیاب قرار دئے گئے۔
فیکلٹی آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے ڈین اور شعبہ غیر ملکی زبانوں کے چیئرمین پروفیسر آفتاب عالم نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج ہمارے طلبہ کی عالمی تعلیمی نظام سے ہم آہنگ ہونے کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی عکاسی کرتے ہیں۔ جرمن سیکشن کے اسسٹنٹ پروفیسر سید سلمان عباس نے طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مہارت کے امتحان میں انڈر گریجویٹ طلبہ کا بی ون اور بی ٹو لیول حاصل کرنا لائق ستائش ہے۔ یہ کامیابی ان کی محنت اور معیاری تدریس کی آئینہ دار ہے۔
جرمن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سمن سنگھ نے کہا کہ ہمارے طلبہ کی استقامت اور لگن نے مستقبل کے طلبہ کے لیے ڈاڈ اور دیگر بین الاقوامی مواقع و امکانات کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ جرمن کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر سبیر پی ایم نے کہا کہ یہ نتائج عالمی تعلیمی نقل و حرکت کو مثبت طور سے فروغ دینے میں اے ایم یو کے کردار کو اجاگر کرتے ہیں اور آج کی باہم مربوط دنیا میں بین ثقافتی اہلیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔