اتر پردیش
اے ایم یوکے ڈینٹل سرجنز کی بڑی کامیابی،جبڑے کی بڑی رسولی کو کامیابی سے ہٹا یا
(پی این این)
علی گڑھ: ڈاکٹر ضیاء الدین احمد ڈینٹل کالج واسپتال، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ڈاکٹروں نے سرجری کے ذریعہ ایک 22 سالہ شخص کے جبڑے سے ایک بڑے ٹیومر (رسولی) کو کامیابی کے ساتھ نکالا۔ یہ مریض دس سال سے اپنے ٹیومر سے پریشان تھا۔ اس کی پہلی سرجری 13 سال قبل احمد آباد میں ہوئی تھی، لیکن ٹیومر چند مہینوں میں دوبارہ ظاہر ہو گیا اور اتنا بڑا ہوگیا کہ اس کا چہرہ بگڑ گیا اور بار بار کی کوششوں کے باوجود صحیح نہیں ہوا۔
اے ایم یو کے شعبہ اورل و میکزیلو فیشیئل سرجری میں پروفیسر سجاد عبدالرحمن کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے جس میں ڈاکٹر محمد دانش، ڈاکٹر تابش الرحمٰن، سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر انوپریہ اور جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر جِنگشائیہن، ڈاکٹر روشنی اور ڈاکٹر لو کش شامل تھے، چار گھنٹے کے اندر اس سرجری کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ ڈاکٹر سید کامران حبیب کی سربراہی میں انستھیسیا کی ٹیم نے خدمات انجام دیں۔ مریض ایک ہفتے بعد صحت یاب ہو گیا اور اسے اسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔
پروفیسر رحمٰن نے کہا کہ اس طرح کے ٹیومر دانتوں کی نشوونما میں شامل ٹشوز سے کبھی کبھار پیدا ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے ٹیومر کی جلد شناخت اور علاج کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طویل مدتی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے۔
ڈاکٹروں کی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر آر کے تیواری نے کہا کہ یہ کیس، ادارے میں کفایتی علاج اور اعلیٰ درجے کی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے، جو ہمارے فیکلٹی ممبران کی مہارت اور ضرورت مند مریضوں کے لیے علاج تک آسان رسائی دونوں کو ظاہر کرتا ہے۔