دلی این سی آر
DUSU انتخابی مہم کے دوران ہنگامہ، NSUI اور ABVP کارکنوں میں تصادم
(پی این این)
نئی دہلی :دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کی انتخابی مہم کے آخری دن کیری مال کالج میں طلبہ گروپوں NSUI اور ABVP کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ یہ واقعہ اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کی آمد سے کچھ دیر پہلے پیش آیا۔ اجے رائے این ایس یو آئی امیدواروں کی تشہیر کرنے آ رہے تھے۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ڈی یو کے وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے واضح کیا ہے کہ دہلی یونیورسٹی طلبہ یونین کے انتخابات میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق DUSU انتخابات کی مہم کے آخری دن منگل کو کیروری مال کالج (KMC) میں نیشنل اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن آف انڈیا (NSUI) اور اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (ABVP) کے ارکان کے درمیان تصادم ہوگیا۔ یہ واقعہ دہلی یونیورسٹی کیمپس میں کانگریس کی اتر پردیش یونٹ کے صدر اجے رائے کی آمد سے کچھ دیر پہلے پیش آیا۔ اجے رائے این ایس یو آئی کے امیدواروں کے حق میں مہم چلانے کے لیے پہنچنے والے تھے۔
این ایس یو آئی نے ایک بیان میں الزام لگایا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے طلبہ ونگ اے بی وی پی کے ارکان نے پروگرام میں خلل ڈالنے کے لیے پوروانچل کے طلبہ کے حامیوں پر حملہ کیا۔ این ایس یو آئی کے ان الزامات پر اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ ساتھ ہی اجے رائے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی یکجہتی کا یقین دلایا۔