اتر پردیش
اے ایم یو میں صحت اور پائیداری کے فروغ کے لیے سائیکلنگ راؤنڈ کا اہتمام
(پی این این)
علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں صحت، فٹنس اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے کے لیے ایک سائیکلنگ راؤنڈ کا اہتمام کیا گیا، جو محسن الملک ہال سے شروع ہو کر یونیورسٹی کیمپس تک جاری رہا۔ اس سرگرمی میں طلبہ، تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے اراکین نے شرکت کی۔
اے ایم یو کے رجسٹرار محمد عمران آئی پی ایس نے اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوکر سبھی کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے سائیکل کو ماحولیات دوست اور پائیدار سواری کے طور پر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
محسن الملک ہال کے پروووسٹ پروفیسر محمد نسیم خان، وارڈن صاحبان، ہال کے عملے کے اراکین اور بڑی تعداد میں طلبہ نے پروگرام میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا، جس سے اجتماعی جذبے اور ولولے کا ماحول پیدا ہوا۔
یہ اقدام نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں ادارے کے عزم کا مظہر تھا بلکہ طلبہ اور ہال انتظامیہ کے درمیان ربط کو بھی مضبوط کرنے کا ذریعہ بنا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے مثبت ردعمل ظاہر کیا اور اسے ایک سبز و صحت مند کیمپس کے لئے اہم قدم قرار دیا۔