بہار
سیتامڑھی کے بعد اب شیوہر میں جمعہ کے دن کھلیں گے اردو سیکنڈری اسکول،تغلقی فرمان جاری
(پی این این)
شیوہر: سیتامڑھی کی راہ پر چل کر شیوہر کے ضلع تعلیمی افسر نے بھی اردو سیکنڈری و سینیئر سیکنڈری اسکولوں کو جمعہ کے دن کھولنے کا حکم نامہ صادر کیا ہے۔ جس سے شیوہر کی اردو آبادی میں بے چینی ہے، قومی اساتذہ تنظیم بہار نے اس ہدایت کی زبردست مخالفت کی ہے اور ضلع تعلیمی افسر شیوہر سے مانگ کی ہے کہ مکتوب نمبر 786 مورخہ 04/09/2025 کو رد کرتے ہوئے اپگریڈیڈ اردو سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکولوں میں جمعہ کے چھٹی کو برقرار رکھا جائے۔ یہ باتیں قومی اساتذہ تنظیم بہار کے ریاستی کنوینر محمد رفیع نے کہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضلع تعلیمی افسر کی اس حرکت سے اساتذہ میں اضطراب ہے۔ محمد رفیع نے کہا کہ بڑے ہی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ بغیر کسی محکمہ جاتی اطلاع اور اصولوں کے خلاف ضلع تعلیمی افسر نے مکتوب نمبر 786 مورخہ 04/09/2025 کے ذریعے اردو مڈل اسکول جو ترقی پا کر سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول بن گئے ہیں میں جمعہ کے بجائے اتوار کو ہفتہ واری تعطیل اور جمعہ کو اسکول کھولنے کا فرمان جاری کیا ہے یہ کسی بھی طرح اصولوں کے مطابق نہیں ہے۔
رفیع نے بتایا کہ ضلع تعلیمی افسر شیوہر نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ جمعہ کے دن اردو اسکولوں کے کھلنے سے امتحان کی سیکریسی ختم ہو جاتی ہے۔ جس کے بارے میں محمد رفیع نے لکھا ہے کہ یہ بیکار کی باتیں ہیں پہلے تو بورڈ کے امتحانات وغیرہ میں بھی جمعہ کے تعطیل کا خیال رکھا جاتا تھا۔ انہوں نے ضلع تعلیمی افسر کے ذریعہ حکومت بہار سے یہ مانگ بھی کی ہے کہ وہ امتحانات وغیرہ کے موقع سے جمعہ کی تعطیل کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حد تو یہ ہو گئی کہ ٹریننگ کے نام پر لگاتار اردو اساتذہ کے ہفتہ واری چھٹی کو برباد کیا جا رہا ہے اور اس کے بدلے اسے چھٹی بھی نہیں دی جاتی ہے۔ جہاں تک یہ بات ہے کہ سیکنڈری و سینیئر سیکنڈری اسکول الگ یونٹ ہے تو یہ بات بھی ذہن نشیں کر لیں کہ فطری طور پر وہ اردو اسکول ہی ہوگا اور اس کا نظام بھی اس کے مطابق ہی چلنی چاہئے۔
رفیع نے کہا کہ بہت واضح ہے کہ جو بھی اسکول ترقی یافتہ ہو تا ہے فطری طور پر اس کا ذریعہ تعلیم نہیں بدلتا۔ جس طرح ہندی/ جنرل پرائمری اسکول کا اپگریڈیشن ہندی/ جنرل مڈل اسکول میں اور ہندی/ جنرل مڈل اسکول کا اپگریڈیشن ہندی/ جنرل سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکول میں ہوتا آ رہا ہے اسی طرح جب اردو پرائمری اسکول کا اپگریڈیشن ہوا تو اردو مڈل اسکول بنا اور اردو مڈل اسکول کا اپگریڈیشن ہوا تو وہ اردو سیکنڈری و ہائر سیکنڈری اسکول بنا اور اس میں ہفتہ واری تعطیل جمعہ کو ہوتی آئی ہے۔ اس لئے محمد رفیع نے ضلع تعلیمی افسر سیتامڑھی راگھویندر منی تریپاٹھی سے مؤدبانہ گزارش کی ہے کہ اسکولوں کے فطری اصولوں کو بدلنے اور محکمہ تعلیم کی اجازت کے بغیر قانون بدلنے کی کوشش نہ کریں اور مکتوب نمبر 786 مورخہ 04/09/2025 کو منسوخ کرتے ہوئے اپگریڈیڈ اردو سکینڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں ہفتہ واری تعطیل جمعہ رہنے دینے کی زحمت کریں۔
رفیع نے بتایا کہ جو مکتوب انہوں نے ضلع تعلیمی افسر شیوہر کو لکھا ہے اس کی کاپی انہوں ایس ڈی او شیوہر، ضلع مجسٹریٹ شیوہر، ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن بہار، اے سی ایس محکمۂ تعلیم بہار، وزیر تعلیم بہار، چیئرمین اقلیتی کمیشن بہار و وزیر اعلی بہار کو بھیجا ہے۔ جناب رفیع نے کہا کہ افسران کے اس کے فیصلے سے نہ صرف اساتذہ اور طلباء بلکہ سماج کا اردو آبادی متاثر ہوتا ہے۔ اس لئے میں تمام سیاسی، سماجی اور ملی رہنماؤں سے اپیل کرتا ہوں کہ اس پر قدم اٹھائیں نہیں تو سیتامڑھی سے اٹھا یہ آگ پوری ریاست کو اپنے لپیٹے میں لے لیگا۔