بہار

خاتون ٹیچر کی توہین پر بی جے پی ۔جے ڈی یو کی حکومت کو آنی چاہیے شرم:راجیش رام

Published

on

(پی این این)
پٹنہ:بہار پردیش کانگریس کے صدر راجیش رام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جہان آباد کا واقعہ بہار کی روح کو مجروح کرتا ہے۔ 4 ستمبر کو بی جے پی – جے ڈی یو کی جانب سے بلائے گئے بند کے دوران ایک خاتون ٹیچر، جو صرف اپنے فرض کی ادائیگی کے لیے اسکول جا رہی تھیں، کو بیچ سڑک پر روک کر گالی گلوچ اور بدسلوکی کی گئی۔ یہ واقعہ بہار کی آدھی آبادی پر براہِ راست حملہ ہے۔
لیکن اس سے بھی زیادہ شرمناک یہ ہے کہ متاثرہ خاتون ٹیچر کی حفاظت اور عزت کی پاسداری کرنے کی بجائے، ضلع تعلیمی افسر نے اُسی ٹیچر کو نوٹس تھما دیا اور اُسے ہی قصوروار ٹھہرانے کی کوشش کی۔ یہ ذہنی اذیت اور خواتین کی عزتِ نفس سے متعلق سخت بے حسی ہے۔
کانگریس پارٹی صاف لفظوں میں کہنا چاہتی ہے کہ یہ واقعہ بی جے پی – جے ڈی یو کے کردار کو ظاہر کرتا ہے جو خواتین کے احترام اور تعلیم دونوں کے مخالف ہیں۔ ٹیچر کے خلاف کارروائی نہ صرف پوری ٹیچر برادری کے ساتھ ناانصافی ہے بلکہ یہ بہار کی تہذیب اور وقار کی بھی توہین ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر خاتون ٹیچر کو ستانے والے جرائم پیشوں کے خلاف کارروائی کرے اور ضلع تعلیمی افسر کا خط واپس لے کر خاتون ٹیچر سے عوامی طور پر معافی مانگے۔
بہار کانگریس کے صدر راجیش رام نے مزید کہا کہ بہار کی بیٹیاں اور خواتین کے احترام کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ بی جے پی – جے ڈی یو کی حکومت خواتین دشمن، تعلیم دشمن اور ثقافت دشمن ہے۔ یہ حکومت پڑھانے والی ٹیچر کو قصوروار بنا رہی ہے اور پڑھانے سے روکنے والوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ بزدلی ہے اور ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network