بہار
وزیرِاعظم مودی کو گالی دینے کے معاملے میں محمد رضوی گرفتار، دیگر کی تلاش جاری
(پی این این)
جالے:ووٹر ادھیکار یاترا کے دوران سِمری تھانہ حلقہ کے بٹھولی چوک پر کانگریس رہنما محمد نوشاد کے اسٹیج سے وزیرِاعظم نریندر مودی اور ان کی آنجہانی والدہ کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال کا معاملہ اب سنگین رخ اختیار کر گیا ہے۔ اس واقعے کا ویڈیو انٹرنیٹ میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور ایف آئی آر 25/243 درج ہوئی جس کے بعد سمری پولیس نے سنگھواڑہ کے بھپورہ گاؤں کے رہائشی محمد رضوی کو گرفتار کیا، جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری جاری ہے۔
صدر سرکل 2 کمتول کے ڈی ایس پی ایس کے سمن نے سِمری تھانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی ویڈیو کا سائبر تھانہ نے باریک بینی سے تجزیہ کیا، جس میں کئی افراد کی شناخت کی گئی۔ اسی بنیاد پر سنگھواڑہ تھانہ حلقہ کے بھوانی پور پنچایت کے بھپورہ گاؤں کے رہائشی انیس قریشی کے بیٹے محمد رضوی عرف راجہ (22) کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار نوجوان پیشے سے پنکچر کی دکان چلاتا ہے اور گاڑی بھی چلاتا ہے۔
ڈی ایس پی کے مطابق یہ واقعہ کانگریس رہنما محمد نوشاد کے ذریعے تیار کیے گئے اسٹیج پر اس وقت پیش آیا جب بدھ کے روز راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور تیجسوی یادو کے استقبال میں مقامی ہوٹل پر بنے پلیٹ فارم سے وزیرِاعظم اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ جمعرات کو ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد جانچ شروع کی گئی اور رضوی کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے دورانِ تفتیش اعتراف بھی کر لیا ہے۔ دیگر ملوث افراد کی شناخت اور گرفتاری کی کارروائی جاری ہے۔
اس معاملے کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے سنجیدگی سے لیا اور ضلع صدر آدتیہ نارائن منا کی تحریری شکایت پر سِمری تھانہ میں ایف آئی آر 25/243 درج کی گئی ہے، جس میں کانگریس رہنما جالے تھانہ کے دیورا بندھولی باشندہ محمد نوشاد سمیت دیگر کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ اگرچہ محمد نوشاد نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کر معذرت پیش کی اور کہا کہ یہ حرکت ایک کم عمر لڑکے نے کی ہے جو انتہائی قابلِ مذمت ہے، لیکن اس کے باوجود معاملہ طول پکڑ گیا ہے۔
ادھر اس واقعے پر سیاست بھی شدید ہو گئی ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے اسے ’’جمہوریت پر داغ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی سیاست اپنی نچلی ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اُنہوں نے الزام لگایا کہ گاندھی خاندان برسوں سے مودی جی کے خلاف نفرت کی سیاست کرتا آیا ہے اور اس بار تو انہوں نے تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ امیت شاہ نے کہا: ’’یہ حرکت صرف مودی جی اور ان کی والدہ کی نہیں بلکہ ہر ماں اور بیٹے کی توہین ہے، جسے 140 کروڑ عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اگر راہل گاندھی میں شرم باقی ہے تو وہ وزیرِاعظم مودی اور پوری قوم سے معافی مانگیں۔
وہیں بہار کے وزیرِاعلیٰ نتیش کمار نے بھی سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِاعظم اور ان کی والدہ کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حرکت جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے اور ہر حال میں اس کی مذمت کی جانی چاہیے۔واضح رہے کہ دربھنگہ کا یہ واقعہ اب صرف مقامی سطح پر محدود نہیں رہا بلکہ قومی سیاست میں بھی گرما گرم بحث کا موضوع بن گیا ہے۔