بہار

ارریہ میں توہین رسالتؐ کا شرمناک واقعہ ، عوام میں شدید غم و غصہ

Published

on

(پی این این)
ارریہ :بہار کے ارریہ ضلع کے مدرسہ فیض العلوم تین کھمبا بیلا ارریہ بہار کے گیٹ پر ایک نہایت افسوسناک اور شرمناک واقعہ پیش آیا ۔ شرپسند عناصر نے وہاں ایک آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی مع نام چسپاں کر کے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں گندی اور ناشائستہ گالیاں تحریر کیں ۔ یہ حرکت نہ صرف ناقابل برداشت گستاخی ہے بلکہ ضلع کے پرامن ماحول اور ہندو مسلم بھائی چارے کو توڑنے کی ایک کھلی سازش تصور کی جا رہی ہے ۔
واقعہ کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور بڑی تعداد میں عوام تھانہ بسمتیہ پہنچ کر ایف آئی آر درج کرانے اور اصل مجرم کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرنے لگے ۔ عوامی احتجاج میں مقامی ذمہ داران مزمل مکھیا ، عماد الدین مکھیا ، ضلع پریشد ، ڈاکٹر علاء الدین سلفی ، سفیان خلیق اللہ سلفی، مولانا منصور سلفی ، مولانا رحمت اللہ اثری ، مسٹر معید الرحمٰن ، مولانا سرفراز عالم ندوی و دیگر سمیت مختلف شخصیات شامل رہیں ۔
اطلاعات کے مطابق گاؤں کے لوگوں نے ایک مشتبہ نوجوان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا ، تاہم اس نے الزام سے انکار کرتے ہوئے کسی دوسرے لڑکے کا نام لیا ۔ اس پر عوام نے مطالبہ کیا کہ بسمتیہ اور بیرپور تھانہ مشترکہ طور پر تحقیقات کرے اور دونوں افراد کو آمنے سامنے کر کے اصل حقیقت سامنے لائی جائے ۔
ڈی ایس پی نے موقع پر پہنچ کر عوام کو یقین دہانی کرائی کہ اس واقعہ کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ ہوگی ، اصل مجرم کو ہرگز نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی ۔یہ واقعہ انتخابی ماحول میں ایک سازش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے تاکہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کی جائے ۔ لیکن ارریہ کے ذمہ دار شہریوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے صدیوں پرانے بھائی چارے کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دیں گے ۔
گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو سزا دینے کے مطالبے کے ساتھ بسمتیہ ، ارریہ اور قرب و جوار کے اضلاع خصوصاً سپول سے بھی عوام کی بڑی تعداد تھانہ پہنچی اور سخت کارروائی پر زور دیا ۔ عوامی دباؤ کے بعد پولیس نے تفتیشی عمل تیز کر دیا ہے اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اصل مجرم قانون کی گرفت میں ہوگا ۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network