بہار
پونم رائے نے نتن گڈکری سے ملاقات کر ڈبل ڈیکر پل کی تعمیر کا کیا مطالبہ
(پی این این)
سارن:چھپرہ ضلع کے امنوراسمبلی حلقہ کی سرگرم سماجی کارکن پونم رائے نے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری سے نئی دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے امنور مارکیٹ اور مرکزی چوراہے پر روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام ہونے کے مسئلہ سے آگاہ کیا۔اس سے چھٹکارا حاصل کرنے اور بہتر ٹریفک کی سہولت کے لیے انہوں نے پٹنہ-سونہو سے آنے والی مین روڈ SH-73 پر ایک سرے سے دوسرے سرے تک اور امنور مارکیٹ مین چوراہے سے ہوتے ہوئے مڑھوڑہ-مشرکھ جانے والی سڑک پر ڈبل ڈیکر پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔
وزیر کو درخواست دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹنہ-سونہو روڈ سے امنور بازار مین چوک سے ہوتے ہوئے مڑھوڑہ،مشرکھ،سیوان،گوپال گنج جانے والی سینکڑوں بسوں،ٹرکوں اور فور وہیلروں کی نقل و حرکت کی وجہ سے اور اسی راستے سے پٹنہ واپس لوٹنے کی وجہ سے مین چوک امنور بازار میں دوپہر اور شام کو گھنٹوں جام رہتا ہے۔امنور بازار مین چوک تنگ ہونے کی وجہ سے دو پہیہ گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو بھی گھنٹوں جام رہنے سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس سے وقت اور ایندھن کا غیر ضروری ضیاع ہوتا ہے۔پونم رائے نے وزیر سے درخواست کی کہ امنور بازار مین چوک پر چاروں طرف ڈبل ڈیکر فلائی اوور تعمیر کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر نے میری بات کو غور سے سنا اور مزید کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔