بہار
انڈیااتحاداورسارن وکاس منچ نے شروع کی ووٹر لسٹ درست کرنے کی مہم
(پی این این)
چھپرہ:سارن وکاس منچ نے اسمبلی حلقہ میں خصوصی نظرثانی کے بعد ووٹر لسٹ سے حذف شدہ درست ووٹروں کو دوبارہ شامل کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی۔یہ مہاگٹھ بندھن اور منچ کی مشترکہ کوشش ہے جو ترئیاں،اسواپار اور پاناپور بلاکس کی تمام پنچایتوں میں چلائی جائے گی۔اس دوران پاناپور کی بیلور پنچایت،اسواپور کی عطہ نگر اور ترئیاں کی ترئیاں پنچایت میں مہم چلائی گئی۔مسودہ ووٹر لسٹ میں بہت سے درست ووٹرز کے نام غائب ہیں۔
سارن وکاس منچ کے کنوینر شیلیندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جلد بازی میں کام کیا ہے۔ہماری تنظیم اب ہر بوتھ پر جائے گی اور ان ووٹروں کی شناخت کرے گی جن کا نام غلطی سے حذف ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہر اہل ووٹر کا نام فہرست میں درج نہیں ہو جاتا۔مہم کے تحت کارکنان گاؤں کی سطح پر ٹیمیں بنا کر گھر گھر جا رہے ہیں۔اس دوران موصول ہونے والے اعتراضات کو الیکشن کمیشن کے نوٹس میں لایا جائے گا۔
پرتاپ نے کہا کہ نظرثانی کے بعد ترئیاں اسمبلی حلقہ کے 20 سے 25 ہزار لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیے گئے ہیں۔اتنے ووٹ الیکشن کے پورے نتیجہ کو بدل سکتے ہیں۔اس لیے ضروری ہے کہ ہر ووٹر کا نام دوبارہ درج کیا جائے۔