بہار
ووٹر لسٹ کے مسودے میں سنگین بے ضابطگیاں: راجیش رام
صوبائی کانگریس صدر نے بیگوسرائے کے سماجی کارکن نیرج کمار کودلائی کانگریس کی رکنیت
(پی این این)
پٹنہ:آج بہار پردیش کانگریس کے صدر دفتر "صداقت آشرم” میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے قومی سکریٹری پرنَو جھا نے بہار کانگریس صدر راجیش رام کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔پریس کانفرنس میں پرنَو جھا نے کہا کہ بہار میں جاری ووٹر فہرست کی تجدید (پونری) کے دوران مردہ افراد کے ناموں کی بھی توثیق کر دی گئی ہے، اور جن لوگوں نے مطلوبہ کاغذات جمع نہیں کرائے، ان کے فارم بھی از خود جمع کر دیے گئے۔ یہ سب اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پہلے الیکشن کمیشن بی جے پی کے زیرِ اثر تھا اور اب مکمل طور پر ہائی جیک ہو چکا ہے۔ بی جے پی نے الیکشن کمیشن کو بہار میں "اوور ٹائم” کرنے کے لیے بھیجا، لیکن اس دوران جو سنگین گڑبڑیاں سامنے آئی ہیں، وہ اس سازش کی قلعی کھولتی ہیں۔ تقریباً ہر ضلع میں ووٹرز کے نام کاٹے گئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جلد بازی میں یہ کام کیا گیا۔ کانگریس پارٹی اس جعلی ووٹر فہرست سازی کی شدید مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ انتخابی عمل کو شروع کرنے سے قبل تمام بے ضابطگیوں کو فوری طور پر درست کیا جائے۔
اپنے خطاب میں بہار پردیش کانگریس صدر راجیش رام نے کہا کہ الیکشن کمیشن بہار میں بی جے پی کی کٹھ پتلی بن کر کام کر رہا ہے۔ مخصوص لوگوں کے نام فہرست سے کاٹے جا رہے ہیں اور ان کے ووٹر نمبرز تبدیل کیے جا رہے ہیں۔ کئی مردہ افراد کو زندہ ظاہر کر دیا گیا ہے اور زندہ ووٹروں کے نام لسٹ سے نکال دیے گئے ہیں۔ ان سنگین بے ضابطگیوں کی وجہ سے الیکشن کمیشن کی نیت پر سوالیہ نشان لگتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے جس کم وقت میں ووٹر لسٹ کی تجدید کی ہے، وہ خود شبہ پیدا کرتا ہے۔
اسی موقع پر بیگوسرائے کے سماجی کارکن نیرج کمار نے کانگریس پارٹی کی پالیسیوں اور نظریات سے متاثر ہو کر اپنے سینکڑوں حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ان کا خیر مقدم راجیش رام اور پرنَو جھا نے مشترکہ طور پر کیا۔انہوںنے کہا کہ نیرج کمار جیسے سرگرم سماجی کارکن کا کانگریس میں شامل ہونا اس بات کی علامت ہے کہ آج بھی ملک کی یکجہتی، سماجی انصاف اور ہمہ جہتی ترقی کے لیے کانگریس پارٹی سب سے موزوں پلیٹ فارم ہے۔ ان کے تجربے اور عوامی روابط سے پارٹی کو زبردست فائدہ ہوگا۔ نیرج کمار نے ہمارے رہنما راہل گاندھی کی جدوجہد اور سماجی انصاف کی تحریک کو دیکھ کر کانگریس کی پالیسیوں کو قبول کیا ہے۔رکنیت حاصل کرنے کے بعد نیرج کمار نے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے کانگریس ہی واحد متبادل ہے۔ تمام طبقات اور برادریوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت صرف کانگریس پارٹی میں ہے۔ اس موقع پر بہار کانگریس کے انچارج کرشنا الاورو، اے آئی سی سی کے سکریٹری پرنَو جھا، قانون ساز کونسل میں کانگریس کے لیڈر ڈاکٹر مدن موہن جھا، نیشنل میڈیا پینلسٹ پریم چندر مشرا، میڈیا چیئرمین راجیش راٹھوڑ، آنند مادھو، سوشل میڈیا چیئرمین سوربھ سنہا سمیت دیگر کانگریس کارکن موجود تھے۔