بہار
مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی امارت شرعیہ بہار ، اڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم مقرر
ذاکر بلیغ ایڈوکیٹ امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین ،مولانا محمد انظار عالم قاسمی جنرل سکریٹری قاضی شریعت اور قسیم رضا خزانچی مقرر
(پی این این)
پٹنہ:امیر شریعت بہار ،اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے آج مورخہ 3 اگست 2025 کو مفتی محمد سعید الرحمان قاسمی کو امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کا مستقل ناظم مقرر کردیا ہے۔اسی طرح امیر شریعت جو کہ امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے سرپرست بھی ہیں انہوں نے ذاکر بلیغ ایڈوکیٹ بتیا کو امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کا چیئرمین ، قاضی محمد انظار عالم قاسمی چیف قاضی شریعت امارت شرعیہ کو جنرل سکریٹری اور قسیم رضاچارٹر اکاؤنٹنٹ علی نگر انیس آباد پٹنہ کو امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کا ٹریزر یعنی خزانچی مقرر کردیا ہے ۔
مفتی محمد سعید الرحمان قاسمی طویل عرصے سے امارت شرعیہ میں خدمت انجام دے رہے ہیں۔ 3 مارچ 2025 کو انہیں قائم مقام ناظم بھی بنایا گیا تھا، اور اس مختصر مدت میں انہوں نے قائم مقام ناظم کی حیثیت سے اپنی غیر معمولی انتظامی صلاحیت، مضبوط قیادت اور جرأت مندانہ فیصلوں سے امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کی قیادت میں امارت کے کاموں کو بحسن و خوبی انجام دیا۔
ان کے دورِ قائم مقامی میں کئی اہم اقدامات کیے گئے، جن میں خاص طور پر وقف ترمیمی ایکٹ 2025 کے خلاف مضبوط تحریک کی قیادت ، تحفظ اوقاف کیلئے گردنی باغ پٹنہ میں تاریخی احتجاجی اجلاس کا انعقاد، وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف، وقف بچاؤ ، دستور بچاؤ کانفرنس کےعنوان سے گاندھی میدان، پٹنہ میں دس لاکھ سے زائد عوام کا غیر معمولی اجتماع منعقد کرکے وقف ترمیمی ایکٹ کی مخالفت میں تاریخ ساز احتجاج اور امارت شرعیہ کے دفاع میں مضبوط حکمت عملی اور امارت شرعیہ پر حملہ کرنے والوں کا منظم مقابلہ بہت نمایاں ہیں ۔
امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے اس موقع پر فرمایا کہ "مفتی محمد سعید الرحمان صاحب قاسمی نے قلیل عرصے میں اپنی قائدانہ صلاحیت، تنظیمی نظم و ضبط اور ملت کے مسائل پر غیر متز لزل موقف اختیار کرنے سے یہ ثابت کیا ہے کہ امارت شرعیہ کی نظامت کی ذمہ داری کو پوری دیانت داری اور جرأت کے ساتھ آگے بڑھا سکتے ہیں۔ اسی طرح ذاکر بلیغ ، قاضی محمد انظار عالم قاسمی اور قسیم رضا اپنے اپنے شعبوں میں مہارت، دیانت اور خدمت کا طویل تجربہ رکھتے ہیں ، برسوں سے امارت شرعیہ سے جڑ کر کام کرتے رہے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ یہ تمام حضرات امارت شرعیہ اور ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی پوری ٹیم کے ساتھ مل کر نہ صرف امارت شرعیہ بلکہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے مقاصد کو بھی کامیابی سے آگے بڑھائیں گے ۔”مفتی محمد سعید الرحمان قاسمی نے اس موقع پر کہا کہ:”یہ میرے لیے اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت اور امیر شریعت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کا مجھ پر بے پناہ اعتماد ہے۔ میں اللہ کی ذات پر توکل کرتے ہوئے یقین دلاتا ہوں کہ امارت شرعیہ کے نصب العین کو امیر شریعت کی مضبوط قیادت میں امارت شرعیہ کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی پوری توانائیاں صرف کروں گا۔”امارت شرعیہ کے دیگر عہدیداران ، کارکنان، علما، ائمہ، اور عام مسلمانوں نے امارت شرعیہ کی نظامت کیلئے مفتی محمد سعید الرحمان قاسمی کی تقرری پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور امیر شریعت کے اس قدم کو قابل تحسین قرار دیا، اسی طرح ایجوکیشن اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے مقررکردہ عہدیداران کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی و اطمینان کا اظہار کیا ۔