بہار
بہارکانگریس صدر راجیش رام نے پلوامہ کے شہید سپاہیوں کے اہل خانہ کوسونپا ایک ایک لاکھ روپے کا چیک
(پی این این)
پٹنہ ـ:بہار پردیش کانگریس صدر راجیش رام، آل انڈیا ایکس سروس مین کانگریس کے قومی چیئرمین روہت چودھری اور کانگریس ودھان منڈل دل کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے آج پٹنہ کے صداقت آشرم میں واقع ریاستی کانگریس دفتر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران شہید فوجیوں کے تئیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پلوامہ میں شہید ہونے والے سپاہیوں کے اہل خانہ کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔ یہ مالی امداد آل انڈیا کانگریس کمیٹی اور بہار کانگریس کی جانب سے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی پہل پر دی گئی۔ اس موقع پر شہید امتیاز علی اور رام بابو سنگھ کے اہل خانہ کو اعزاز سے نوازا گیا۔
آل انڈیا ایکس سروس مین کانگریس کے قومی چیئرمین روہت چودھری نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت فوج کا سیاسی استعمال کر رہی ہے اور فوجیوں کی شہادت کو چھپا کر سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ’’آپریشن سندور‘‘سے پہلے دہشت گرد حملے میں 26 لوگ شہید ہوئے لیکن انٹیلی جنس مکمل طور پر ناکام رہا، جو ملک کے لیے شرمناک بات ہے۔ راہل گاندھی نے فوراً اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کر کے شہیدوں کے اہل خانہ اور زخمیوں سے ملاقات کی، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اگلے ہی دن بہار میں انتخابی ریلی میں مصروف ہو گئے اور شہیدوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی زحمت تک نہ اٹھائی۔
روہت چودھری نے مزید کہا کہ جب ہماری فوج سرحد پر برتری حاصل کر رہی تھی، تب حکومت نے ان کے ہاتھ باندھ دیے اور جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نہ تو کسی کی ذمہ داری طے کی، نہ ہی کوئی کارروائی کی۔ یہاں تک کہ آپریشن سندور میں شہید ہونے والے 10 سپاہیوں کے بارے میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پارلیمنٹ میں ان کی شہادت سے انکار کیا اور جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت دیش بھکت نہیں بلکہ دیش کو کمزور کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
انہوں نے بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت سے پوچھیں کہ ہمارے سپاہیوں کی شہادت کو کیوں چھپایا جا رہا ہے؟ ساتھ ہی انہوں نے وعدہ کیا کہ بہار میں انڈیا اتحاد کی حکومت بنتے ہی تمام شہیدوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے اور سرکاری نوکری دی جائے گی۔ سابق فوجیوں کے لیے کرناٹک کی طرز پر ایک کارپوریشن کا قیام بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 8 لاکھ سابق فوجی ہیں لیکن مرکزی نوکریوں میں 7.70 لاکھ آسامیاں خالی ہیں، اور بہار کے سابق فوجی آج پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ کی نوکری کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے "اگنی ویر یوجنا” کو بند کرنے کا بھی اعلان کیا۔
ریاستی کانگریس صدر راجیش رام نے کہا کہ بہار کانگریس، ایکس سروس مین کانگریس کے تمام مطالبات کو تسلیم کرتی ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات کے منشور میں ان مطالبات کو شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راہل گاندھی نے بہار کے شہید سپاہیوں کے اہل خانہ کو تعزیتی پیغام بھی بھیجا ہے، اور یہ چھوٹی سی امداد کانگریس پارٹی کی جانب سے ان کے ساتھ یکجہتی کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے پلوامہ حملے میں شہید ہونے والے 40 فوجیوں کے اہل خانہ کو دہلی اپنے گھر بلا کر اعزاز دیا، جن میں بہار کے دو سپاہی بھی شامل تھے جنہیں آج ایک ایک لاکھ روپے دیے گئے کیونکہ اس وقت مرکزی حکومت نے کانگریس کے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیے تھے۔
ودھان منڈل دل کے لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا کہ بی جے پی کبھی بھی سپاہیوں کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی، اور نہ ہی آر ایس ایس نے کبھی ملک کی آزادی، حفاظت یا سیکورٹی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا تاریخی کردار ملک کے جانبازوں کی قربانیوں کے خلاف رہا ہے۔اس پریس کانفرنس اور اعزاز تقریب میں ریاستی صدر راجیش رام، قومی چیئرمین روہت چودھری، لیڈر ڈاکٹر شکیل احمد خان، نیشنل میڈیا پینلسٹ پریم چند مشرا سمیت کئی دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔