بہار
طارق انور کلام یوتھ لیڈر شپ ایوارڈ سے سرفراز
(پی این این)
سارن :شہر کے بڑا تلپا باشندہ نوجوان سماجی کارکن رکتویر طارق انور کو ڈاکٹر کلام یوتھ انٹرنیشنل لیڈر شپ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔انہیں یہ اعزاز خون عطیہ کے شعبے میں نمایاں خدمات پر جے پور میں منعقد تین روزہ بین الاقوامی یوتھ کانفرنس میں عطا کیا گیق۔کانفرنس کا انعقاد خواب فاؤنڈیشن کے زیراہتمام کیا گیا تھا۔جس میں سری لنکا کے مندوب انتھیجا کریم،دبئی کے محمد ابراہیمی،امریکا کے ڈاکٹر نہال میور،نیپال کے سچن کمار،اینکر اور صحافی شیکھر واجپائی،دنیا کی سب سے لمبی مونچھوں کا ریکارڈ رکھنے والے رام سنگھ چوہان،چارلی چیمپیئن کے نام سے مشہورراجن کمار،ماہر تعلیم ڈاکٹر ارچنا بھٹاچاریہ کے ساتھ مشہور سماجی کارکن،پروفیسرز،چائلڈ ایکٹرز وغیرہ موجود تھے۔
واضح ہو کہ رکتویر طارق مسلسل آٹھ سالوں سے سماجی کاموں سمیت خاص طور پر خون کے عطیہ کے میدان میں مصروف ہیں۔ان کی ‘ہر گھر رکت داتا، گھر گھر رکت داتا’ مہم قابل ذکر ہے۔انہوں نے اسے اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا ہے۔اب تک وہ خود 16 مرتبہ خون کا عطیہ دے چکے ہیں اور 26 مرتبہ عطیہ کیمپوں کا کامیاب انعقاد کر چکے ہیں۔ہنگامی حالات میں خون فراہم کرکے ہزاروں جانیں بچانے والے رکت ویر طارق نے بین الاقوامی کانفرنس میں سارن کی نمائندگی کی۔
اس دوران ‘صحت کے شعبے میں خرابیاں اور اس کے سماجی ازالہ’ کے موضوع پر ہونے والے مباحثہ میں بطور ٹیم لیڈر ان کی پیشکش کو قومی اور بین الاقوامی جیوری ممبران نے سراہا۔سابق صدر جمہوریہ اور میزائل مین ڈاکٹر اے پی جے کلام کی سوانح حیات ‘کلام واد’ کتاب کے مصنف و خواب فاؤنڈیشن کے بانی اور موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر منا کمار نے بتایا کہ یہ پلیٹ فارم ملک کی مختلف ریاستوں اور اضلاع میں نمایاں کام کرنے والے لوگوں کو اعزاز دیتا ہے۔