اتر پردیش
اے ایم یو میں سول سروسیز امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے شکیل احمد کے اعزاز میں تقریب منعقد
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) کی جانب سے ایک تہنیتی تقریب اسکول کے سابق طالب علم مسٹر شکیل احمد کے اعزاز میں منعقد ہوئی جنھوں نے سول سروسز امتحان 2024 میں کامیابی حاصل کی ہے۔طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے جناب شکیل احمد نے انہیں واضح اہداف مقرر کرنے اور ان کے حصول کے لیے بھرپور محنت کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا ”منصوبہ بندی اور تسلسل کے ساتھ کی گئی محنت کا کوئی نعم البدل نہیں۔“ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ یکسوئی سے پڑھائی کریں اور وقت اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
قابل ذکر ہے کہ شکیل احمد نے سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول (بوائز) سے بارہویں جماعت مکمل کرنے کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے بی ٹیک کی تعلیم حاصل کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اسفر علی خاں، ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو نے جناب شکیل احمد کی شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے تمام طلبہ کے لیے باعثِ تحریک قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے سینئر کی کامیابی سے تحریک حاصل کریں اور محنت کی عادت ڈالیں۔
پروفیسر محمد اعظم خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسکول ایجوکیشن، اے ایم یو نے مسٹر احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں اے ایم یو کے اسکول سسٹم میں پروان چڑھنے والی علمی صلاحیتوں اور عزم کا مظہر ہیں۔اسکول کے پرنسپل صباح الدین نے کلمات تشکر ادا کرتے ہوئے مسٹر احمد کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی یہ کامیابی طلبہ، اساتذہ اور انتظامیہ، سب کے لیے باعث مسرت ہے۔ پروگرام کی نظامت جناب غفران احمد نے کی۔