دیش

اے ایم یو میں یوم آزادی کی تقریبات کی تیاریاں شروع

Published

on

(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں یومِ آزادی کی تقریبات کو روایتی شان و شوکت کے ساتھ منانے کے سلسلہ میں وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی صدارت میں ایڈمنسٹریٹیو بلاک کے کانفرنس ہال میں ایک مشاورتی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ پروفیسر نعیمہ خاتون نے یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اسے ’قوم کے احیاء اور استقامت کی علامت‘ قرار دیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے تمام اراکین سے اپیل کی کہ وہ اس دن کو وقار اور فخر کے ساتھ منانے میں بھرپور کردار ادا کریں۔
یومِ آزادی کی مرکزی تقریب اسٹریچی ہال کے سامنے صبح 9:11 بجے پرچم کشائی سے شروع ہوگی، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا جائے گا اور این سی سی کے کیڈٹس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر وائس چانسلر خطاب کریں گی اور سر سید ہال (شمالی اور جنوبی) میں پودے بھی لگائیں گی۔ بعد ازاں وہ یونیورسٹی ہیلتھ سینٹر میں مریضوں میں پھل تقسیم کریں گی۔یومِ آزادی کی تقریبات کے تحت 14 اگست کی شام، پولی ٹیکنک آڈیٹوریم میں ایک خصوصی مشاعرہ منعقد کیا جائے گا، جس میں جنگ آزادی کے سورماؤں کی قربانیوں کو اشعار کے ذریعہ خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ یوم آزادی کے موقع پر یونیورسٹی کی مرکزی عمارتوں پر قمقمے بھی لگائے جائیں گے۔
میٹنگ میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار جناب محمد عمران آئی پی ایس نے بھی اظہار خیال کیا۔ 13 اگست کو تقریب کی ایک فل ڈریس ریہرسل بھی کی جائے گی۔
یونیورسٹی کے تمام سینئر عہدیداران اور اہم ذمہ داران میٹنگ میں موجود تھے، جنہوں نے ملک کی آزادی کو احترام، اتحاد اور قومی فخر کے جذبہ کے ساتھ منانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network