دیش
اے ایم یو میں سمر سوئمنگ کیمپ کا اختتام، ایس ایس پی سنجیو سُمن نے اُبھرتے ہوئے تیراکوں کو سراہا
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں ایک ماہ سے جاری سمر سوئمنگ کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا، جس میں اے ایم یو اور علی گڑھ ضلع کے 30 سے زائد اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد نو آموز تیراکوں نے حصہ لیا، جن میں 43 طالبات بھی شامل تھیں۔ یہ کیمپ گزشتہ 3 جون کو شروع ہوا تھا۔
اختتامی تقریب میں علی گڑھ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سنجیو سُمن آئی پی ایس نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور شرکاء کو اسناد تقسیم کیں۔ انھوں نے اپنے خطاب میں شخصیت کی ہمہ جہت ترقی میں کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحت مند جسم ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے۔ خاص طور پر تیراکی نہ صرف جسمانی طاقت کو بڑھاتی ہے بلکہ ذہنی نظم و ضبط کو بھی فروغ دیتی ہے۔
جناب سمن نے یونیورسٹی کے اس اقدام کی ستائش کرتے ہوئے کیمپ میں طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت کو سراہا اور کہا کہ آج کی بیٹیاں ہر میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ تیراکی میں ان کی سرگرم شمولیت خود اعتمادی، استقلال اور تندرستی کو فروغ دیتی ہے۔پروگرام کی صدارت پروفیسر سید امجد علی رضوی، سکریٹری، اے ایم یو گیمز کمیٹی نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ یونیورسٹی کے طلبہ کے ساتھ ساتھ شہر کے اسکولوں کے بچوں کو بھی کھیلوں کی تربیت فراہم کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
قبل ازیں سوئمنگ کلب کے صدر ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ پروگرام کی نظامت مظہرالقمر نے کی۔اس موقع پر سینئر سوئمنگ کوچ مسٹر محمد منصور، انسٹرکٹر سہیل فاروقی اورمحمد شعیب اور ٹرینر سیما کی کیمپ کے دوران انتھک محنت اور رہنمائی کو سراہا گیا۔