بہار

بیٹیاں علم دین سے آراستہ ہوں گی تو نسلیں بھی دینداری اور نیکی کی روش پر چلیں گی

Published

on

جامعہ سلمیٰ للبنات سنہ پور کی شوریٰ و عاملہ کی میٹنگ سے موقر علماء کا خطاب ، ادارے کی تعلیمی و تعمیری ترقی پر اظہار مسرت
(پی این این)
جالے :سنگھواڑہ بلاک کے تحت جامعہ سلمیٰ للبنات، محلہ مجیب نگر سنہ پور بزرگ کے دفتر میں اتوار کو ایک اہم اور بامقصد نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت باوقار عالم دین مولانا محمد شاہد ناصری حنفی نے کی۔ جامعہ کی شوریٰ و عاملہ کے اراکین کی اس مشترکہ نشست میں ادارے کی اب تک کی کارکردگی، ترقیاتی مراحل، تعلیم و تربیت کی سطح اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر علاقہ کے ممتاز عالم دین مولانا دبیر احمد قاسمی (مدرس مدرسہ اسلامیہ شکرپور، بھرواڑہ) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ سلمیٰ للبنات اس خطے میں علم و ہنر کا روشن چراغ بن چکا ہے۔ کم وقت میں جامعہ نے جو تعلیمی اور تعمیری ترقی کی ہے، وہ نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے ایک مضبوط علمی اساس کی ضمانت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ادارے کے مشن کو مضبوط کرنے کے لیے مکمل تعاون کرنا چاہیے، کیونکہ ایسے ادارے معاشرتی روشنی کا ذریعہ ہوتے ہیں۔ اگر مقامی عوام، اہل خیر اور علم دوست افراد نے مسلسل تعاون کیا، تو ان شاءاللہ جامعہ ایک مثالی ادارے کی حیثیت اختیار کر لے گا۔
اسی طرح مولانا مفتی مبین (مدرس مدرسہ طیبہ قاسم العلوم، بردی پور) نے بھی جامعہ کی علمی و دینی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کی دینی تعلیم آج کے دور کی اہم ترین ضرورت ہے اور جامعہ سلمیٰ اس ضرورت کو پورا کر رہا ہے۔ یہاں کی تعلیم و تربیت کا معیار قابل فخر ہے۔ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
نشست کے دوران ادارے کے ناظم قاری ریحان نے بھی شرکاء مجلس سے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ جامعہ سلمیٰ للبنات کا قیام ایک خواب کی تعبیر ہے، جو صرف اللہ کے فضل، علما کی دعاؤں اور عوام کے اعتماد کی بدولت ممکن ہو سکا۔ ہم ہر قدم پر بچیوں کی معیاری دینی تعلیم، تربیت اور اخلاقی اصلاح کو اپنا نصب العین بنائے ہوئے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ علاقہ کے ذی شعور افراد جامعہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
آخر میں صدر محترم مولانا محمد شاہد ناصری حنفی نے اپنے پرمغز خطاب میں قرآن و سنت کی روشنی میں دینی تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کی دینی تعلیم کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے۔ اگر ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں علم دین سے آراستہ ہوں گی، تو آنے والی نسلیں بھی دینداری اور نیکی کی روش پر چلیں گی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جامعہ کو مزید ترقی عطا فرمائے اور اسے ہر فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے۔
اس موقع پر ماسٹر خورشید آفاق، ماسٹر فیضان، ڈاکٹر طارق امان، محمد مشکور، محمد وسیم، محمد جمشید، محمد کیفی، محمد اجالے، محمد شکیل ڈرائیو، ابو شحمہ، محمد حسنین، محمد افتخار رمپٹی، محمد یونس شکر پور، حاجی قاسم و دیگر اہل خیر شامل تھے۔
نشست کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا، جس میں ادارے کی ترقی، طالبات کی کامیابی، اور ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود کے لیے دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور جامعہ کو اپنے قدموں پر مضبوطی سے کھڑا کرنے کے لیے ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network