بہار
نہرو میموریل کی تباہ شدہ مورتی کی مرمت کا مطالبہ
(پی این این)
چھپرہ :سابق ایم ایل سی امیدوار اور کانگریس لیڈر سوشانت کمار سنگھ نے مظہرالحق روڈ پر واقع نہرو میموریل میں وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے ٹوٹے مجسمے کو اب تک ٹھیک نہیں کرنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ضلع کے اعلیٰ حکام نے پنڈت نہرو کی ٹوٹی ہوئی مورتی پر توجہ نہیں دی۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے فوری مرمت کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی عظیم شخصیات اور اسلاف کے مجسموں کی حکومتی سطح پر دیکھ بھال کی جاتی ہے۔اس لیے نہرو کے تباہ شدہ مجسمے کی مرمت کرنا بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔معلوم ہو کہ نہرو میموریل میں واقع نہرو مجسمہ کے ہاتھ کی انگلیاں چند ماہ قبل سماج دشمن عناصر نے توڑ دی تھیں۔
کانگریس لیڈر ترون تیواری نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ ملک کی وراثت اور سابق وزیر اعظم کا مجسمہ ضلع ہیڈکوارٹر میں مہینوں تک تباہ شدہ حالت میں پڑا رہا اور کسی نے اس پر توجہ نہیں دی۔یہ ضلع کے لیے بہت بڑی توہین اور شرم کی بات ہے۔اس کی فوری مرمت کی اشد ضرورت ہے۔مجسمہ کی مرمت کا مطالبہ کرنے والوں میں او بی سی کانگریس کے نائب صدر دھرمیندر کمار دھرم،بلاک صدر گرجا پرساد رائے،منا شرما وغیرہ شامل ہیں۔