دلی این سی آر
بی جے پی حکومت کی غریبوں کو کررہی ہے پریشان: آتشی
(پی این این)
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے مٹیالا اسمبلی حلقے میں واقع ننگلی ڈیری کی جھگیوں کو توڑنے کی تیاری پر بی جے پی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی سینئر رہنما اور قائدِ حزبِ اختلاف آتشی نے کہا کہ مدراسی کیمپ، جیلروالا باغ، اور بھومی ہین کیمپ کو توڑنے کے بعد اب غریب مخالف بی جے پی حکومت کی بری نظر ننگلی ڈیری کی جھگیوں پر پڑ گئی ہے۔ بی جے پی کی ایم سی ڈی نے جھگیوں میں نوٹس چسپاں کر دیا ہے اور پانچ دن کے اندر کاغذات نہ دکھانے کی صورت میں بلڈوزر چلانے کی دھمکی دی ہے۔
الیکشن سے پہلے بی جے پی کے لیڈران نے ان جھگیوں میں رات گزاری، اور جہاں جھگی، وہاں مکان کے کارڈ تقسیم کیے تھے۔ لیکن حکومت میں آتے ہی بی جے پی مسلسل غریبوں کی جھگیاں توڑ رہی ہے۔ عام آدمی پارٹی ان غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور ہم اسمبلی سے لے کر سڑک تک ان جھگیوں کو بچانے کے لیے لڑائی لڑیں گے۔ہفتے کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آتشی نے کہا کہ الیکشن سے پہلے بی جے پی لیڈران دہلی کی مختلف جھگیوں میں گئے، وہاں جھگی والوں کے ساتھ کھانا کھایا، بچوں کے ساتھ لوڈو اور کیرم کھیلا، اور جہاں جھگی، وہاں مکان کے کارڈ دیے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی انتخابات سے پہلے بار بار کہا کہ دہلی کی کسی بھی جھگی کو نہیں توڑا جائے گا۔
لیکن جیسے ہی بی جے پی کی حکومت بنی، اس نے ایک کے بعد ایک غریبوں کے مکان توڑنا شروع کر دیے۔ جن جھگیوں میں جا کر جہاں جھگی، وہاں مکان کے وعدے کیے گئے تھے، انہی جھگیوں کو سب سے پہلے نشانہ بنایا گیا۔آتشی نے کہا کہ مدراسی کیمپ، جیلروالا باغ، وزیر پور اور بھومی ہین کیمپ کی جھگیاں توڑنے کے بعد اب بی جے پی حکومت ننگلی ڈیری کے جے جے کیمپ کو توڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ دو دن پہلے ننگلی ڈیری میں بی جے پی کے زیر انتظام ایم سی ڈی نے اس جے جے کلسٹر پر، جہاں تقریباً 250-300 جھگیاں ہیں، نوٹس چسپاں کیا ہے۔جھگی والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قبضہ کیے بیٹھے ہیں، اور اگر پانچ دن کے اندر اپنے دستاویزات جمع نہ کرائے گئے تو جھگیاں توڑ دی جائیں گی۔آتشی نے مزید کہا کہ بی جے پی جہاں جھگی، وہاں مکان دینے والی نہیں ہے۔ بی جے پی نے طے کر لیا ہے کہ جہاں جھگی ہو، اسے میدان بنا دیا جائے۔
اسی لیے دہلی میں ایک ایک کرکے تمام جھگیوں کو توڑا جا رہا ہے۔ننگلی ڈیری میں رہنے والے لوگ ایک دو سال سے نہیں، بلکہ پچھلے 15-20 سالوں سے دہلی میں مقیم ہیں، اور اس جے جے کیمپ میں دہلی حکومت کے DUISIB کے ذریعے گلیاں، نالیاں، ٹوائلٹ وغیرہ بنوائے جا چکے ہیں اور ان کی دیکھ بھال بھی DUISIB کر رہا ہے۔یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جھگی توڑنے سے پہلے وہاں رہنے والوں کو متبادل رہائش فراہم کرے، لیکن بی جے پی ایک غریب مخالف پارٹی ہے، جو غریبوں سے نفرت کرتی ہے اور ان کے ایک ایک کر کے گھر توڑنے میں مصروف ہے۔آخر میں آتشی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی دہلی کے غریبوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور ننگلی ڈیری جے جے کلسٹر کے رہائشیوں کے ساتھ بھی۔ اگر عدالت، ایم سی ڈی، اسمبلی یا سڑکوں پر بھی لڑنا پڑا تو عام آدمی پارٹی لڑے گی اور بی جے پی کو ان جھگیوں کو توڑنے نہیں دے گی۔