بہار

بارش کی شدید کمی اور خشک سالی کولیکردربھنگہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ادا کی گئی نمازِ استسقاء

Published

on

(پی این این)
دربھنگہ:بارش کی شدید کمی اور خشک سالی جیسے حالات کے پیش نظر اتوار 13 کو دربھنگہ ضلع کے مختلف علاقوں میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی، جس میں عوام نے عاجزی اور انکساری کے ساتھ بارگاہِ خداوندی میں بارانِ رحمت کی دعائیں کیں۔پہلے سے طئے شدہ پروگرام کے مطابق
بھرواڑہ عیدگاہ میں سینکڑوں فرزندانِ توحید نے مدرسہ اسلامیہ شکرپور کے مفتی مولانا ابو بکر صدیقی کی قیادت میں نمازِ استسقاء ادا کی۔ اس موقع پر انہوں نے روحانی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بارش کے لیے دعا کرنا سنتِ نبوی ﷺ ہے اور نمازِ استسقاء کھلے میدان میں سورج نکلنے کے بعد بغیر اذان و اقامت کے دو رکعت نماز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس نماز کا وقت صبح صادق کے بعد سورج نکلنے کے پندرہ تا بیس منٹ بعد ہوتا ہے اور یہ دن کے ایک چوتھائی حصے تک ادا کی جا سکتی ہے۔اس موقع پر مولانا قاری شبیر احمد، مولانا سعید احمد، مولانا سہیل احمد، اور مولانا ضیاء الرحمن برق نے ماحولیات کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے درختوں کی بے دریغ کٹائی اور آلودگی کو خشک سالی کا سبب قرار دیا۔ مقررین نے گناہوں سے توبہ، دعاؤں کے اہتمام اور شجرکاری کی تلقین کی۔شرکاء میں نائب پرمکھ ساجد مظفر ببلو،مکھیا سنگھ کے سرپرست احمد علی تمنا، مولانا انوار احمد رشادی، ڈاکٹر عامر حسن شکرپوری،ڈاکٹر منتظر پیارے، نازش خان، بارک خان، تاج احمد، شمیم خان سمیت بڑی تعداد میں اہلِ ایمان شامل تھے۔
اسی دن بریل کے عیدگاہ میں بھی نمازِ استسقاء کا روح پرور منظر دیکھنے کو ملا، جہاں مولانا محمد مظہر علی رضوی کی امامت میں نماز ادا کی گئی۔ نماز کے دوران حاضرین نے اپنے گناہوں سے توبہ، استغفار، خشوع و خضوع کے ساتھ بارش کی دعا کی تاکہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت سے بارانِ رحمت نازل فرمائے۔اس موقع پر نہ صرف بریل بلکہ اطراف کے دیہات جیسے ملک پور، رتن پور کٹیا، برہمپور کٹیا سے بھی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خصوصی شرکاء میں خلیفہ حضور شیر نیپال و خلیفہ جانشین سراجِ ملت قاری الحاج محمد شکیل احمد رضوی سراجی، مولانا ارمان قمر، حافظ امام الدین، حافظ نعمت اللہ، حافظ عارف، حافظ ساجد ،سماجی کارکن سرفراز انصاری اور مولانا ارشد شامل رہے۔
آخر میں تمام علماء کرام اور عوام نے بارش، امن، اور فتنوں سے نجات کے لیے رقت انگیز دعائیں مانگیں اور ماحولیات کے تحفظ کا عہد بھی کیا۔دیر شام تک موسم خوشگوار بنا اور ہلکی بارش بھی ہوئی۔اللہ تعالیٰ ان دعاؤں اور نمازوں کو قبول فرمائے اور ہم سب پر اپنی رحمت نازل فرمائے۔ آمین

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network