دیش
عالمی یوم آبادی پر اے ایم یو میں لیکچر کا اہتمام، نوجوانوں کے تفویض اختیارات اور آبادیاتی چیلنجوں پر گفتگو
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مرکز برائے تعلیم بالغاں (سی سی اے ای ای) نے عالمی یوم آبادی 2025 کے موقع پر پروفیسر نسیم احمد خاں، سابق چیئرمین، شعبہ سوشل ورک کے خصوصی لیکچر کا اہتمام کیا۔پروفیسر نسیم احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی یوم آبادی ہر سال 11 جولائی کو آبادی میں اضافے اور اس کے سماج و ماحولیات پر اثرات کی طرف توجہ دلانے کے لیے منایا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ دن پہلی بار 1989 میں منایا گیا تھا اور یہ اہم آبادیاتی مسائل و رجحانات کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔
پروفیسر خان نے کہا کہ اس وقت دنیا کی آبادی 8 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، اور اگر اس میں بغیر کسی روک ٹوک کے اضافہ ہوتا رہا تو اس کے ماحولیاتی پائیداری، وسائل تک رسائی اور معیارِ زندگی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ اگرچہ آبادی میں اضافے سے ماحولیات اور قدرتی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے، لیکن دنیا بھر کی حکومتوں نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے مختلف حکمت عملیاں اختیار کی ہیں۔ اس کے باوجود، آبادی میں مسلسل اضافہ صحت، رہائش، تعلیم اور روزگار جیسے شعبوں میں چیلنجز پیدا کر رہا ہے۔
انہوں نے اس سال کے عالمی یوم آبادی کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو باخبر تولیدی فیصلے کرنے کے لیے حقوق اور وسائل مہیا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آخر میں سنٹر کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمیم اخترنے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔