بہار
ووٹر لسٹ نظر ثانی مہم میں تعاون کریں مکھیا اور پنچایت نمائندہ: ڈی ایم
(پی این این)
چھپرہ :ووٹر لسٹ کی نظر ثانی کی خصوصی مہم میں عوامی نمائندوں کا کردار اہم ہے۔پنچایت کے لیڈر کی حیثیت سے آپ کا کردار سب سے اولین ہے۔مذکورہ باتیں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کم ڈی ایم امن سمیر نے مکھیا اور پنچایت سمیتی ممبران کے ساتھ کلام کرتے ہوئے کہیں۔موقع تھا ضلع آڈیٹوریم میں منعقدہ ٹریننگ کم اورینٹیشن ورکشاپ کا۔ڈی ایم نے کہا کہ ضلع انتظامیہ مشن موڈ میں گہری نظرثانی کو مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔31 لاکھ 34 ہزار ووٹرز کی تصدیق ہونی ہے۔بی ایل او کے ذریعے انرومیشن فارم کی تقسیم،بھرنے اور اپ لوڈ کرنے کا کام جاری ہے۔اگلے 15 دنوں میں تقسیم اور وصولی کا کام مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔اس کام میں جیویکا،سیویکا،وکاس متر،شکشا سیوک،تعلیمی مرکز وغیرہ سے بھی مدد لی جارہی ہے۔اگر مکھیا اور بی ڈی سی اپنا میکنزم لاگو کریں تو کام مزید آسان ہو جائے گا۔
ڈی ایم نے کہا کہ ابھی ہماری توجہ فارم کو بھرنے اور واپس کرنے پر ہے تاکہ کوئی بھی اہل شخص اس سے محروم نہ رہے۔دعوے یا اعتراض کے وقت ضرورت پڑنے پر دستاویزات طلب کی جائیں گی۔گہری نظر ثانی کی ضرورت اور مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کو نکتہ وار واضح کیا۔انہوں نے کہا کہ آپ کے ذریعے لوگوں تک پیغام پہنچنا چاہیے۔یہ کام بہت اہم بھی ہے اور آسان بھی۔ڈی ایم نے بتایا کہ گہری نظرثانی کی بنیاد 2003 کی ووٹر لسٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں آپ کے یا آپ کے والدین کے نام کی موجودگی کو ایک درست دستاویز سمجھا جاتا ہے۔اس کے ذریعے لوگوں کے 80 سے 90 فیصد کام ہو جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن نے فہرست کو ویب سائٹ پر لائیو کر دیا ہے۔اس میں نام تلاش کرنا بہت آسان ہے۔ڈی ایم نے اسٹیج سے لائیو فہرست میں تلاش کر بہت سے لوگوں کے نام دکھائے۔
اس موقع پر موجود ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال نے کہا کہ پنچایت راج کے نمائندہ اس کام سے براہ راست وابستہ ہیں۔اب جو ووٹر لسٹ بنائی جا رہی ہے اسے ہی ڈیٹا بیس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔اس فہرست کو ہی تقسیم کر پنچایت اور وارڈ کی فہرست تیار کی جاتی ہے۔اس لیے آپ سب سے اپیل ہے کہ 100 فیصد لوگوں کے نام شامل کرنے میں تعاون کریں۔انہوں نے پورے عمل کو نہایت سلیس انداز میں پیش کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ پنچایت راج افسر سشیندر پال سنگھ وغیرہ موجود تھے۔