دلی این سی آر
بی جے پی کی حکومت سے عوام پریشان:آتشی
(پی این این)
نئی دہلی:عام آدمی پارٹی کی سینئر لیڈر اور دہلی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف آتشی نے بی جے پی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ 10 سال پرانی گاڑیوں کو بچانے کے لیے قانون بنائے۔ آتشی نے کہا کہ بی جے پی عدالت جانے کا ڈرامہ بند کرے اور ایک ہفتے کے اندر اندر مڈل کلاس کے مفاد میں قانون لائے۔ اگر بی جے پی قانون سازی کے لیے اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلاتی ہے، تو عام آدمی پارٹی اس کی مکمل حمایت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی عدالت اس لیے جانا چاہتی ہے تاکہ اس کی اپیل مسترد ہو جائے اور وہ عدالتی فیصلے کے پیچھے چھپ سکے۔ اگر بی جے پی ایک ہفتے میں قانون نہیں لاتی، تو دہلی کی مڈل کلاس، خواتین اور بزرگوں کو صاف نظر آ جائے گا کہ بی جے پی کی گاڑی بنانے والی کمپنیوں، ڈیلرز اور اسکریپروں والوں سے ملی بھگت ہے۔ آتشی نے منگل کے روز پارٹی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چھ مہینوں میں بی جے پی حکومت نے دہلی کی مڈل کلاس کو پریشان کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ جب سے دہلی میں بی جے پی کی حکومت بنی ہے، مڈل کلاس طویل بجلی کٹوتی، مہنگی بجلی اور پرائیویٹ اسکولوں کی بڑھتی ہوئی فیس سے پریشان ہے۔ اب 10 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی نے پوری مڈل کلاس کو خوفزدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈل کلاس کا خواب ہوتا ہے کہ محنت سے پیسے جوڑ کر 5-7 سال کے قرض پر سیکنڈ ہینڈ چھوٹی گاڑی خریدیں۔ بی جے پی کی چار انجن والی حکومت نے کبھی خواتین کو تحفظ نہیں دیا، اس لیے خواتین گاڑی خریدنے پر مجبور ہیں کیونکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ان کے ساتھ بدتمیزی ہوتی ہے۔ اب تو بی جے پی نے بسوں سے مارشل بھی ہٹا دیے ہیں۔ خواتین نہ سڑک پر محفوظ ہیں۔
نہ میٹرو اسٹیشن یا بس اسٹاپ سے گھر آ سکتی ہیں، کیونکہ نوجوان بدتمیزی کرتے ہیں اور پولیس موجود نہیں ہوتی۔ آتشی نے کہا کہ بزرگ اس لیے گاڑی خریدتے ہیں کیونکہ انہیں حفاظت اور سلامتی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر رات کو کہیں جانا پڑے تو سواری ضروری ہے۔ مڈل کلاس، خواتین اور بزرگ اکثر سیکنڈ ہینڈ گاڑیاں خریدتے ہیں، لیکن بی جے پی نے 10 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی لگا دی اور یہ نہیں سوچا کہ ان طبقوں کا کیا ہوگا۔ یہ بھی نہیں دیکھا کہ گاڑی کی مائلیج کتنی ہے، 50 ہزار کلومیٹر چلی ہے یا 2 لاکھ کلومیٹر، اچھی حالت میں ہے یا آلودگی پھیلا رہی ہے۔بی جے پی نے کار مینوفیکچررز، ڈیلرز، ریٹیلرز اور اسکریپروں سے مل کر 62 لاکھ خاندانوں کو نئی گاڑیاں اور بائیک خریدنے پر مجبور کر دیا ہے۔آتشی نے کہا کہ جب دہلی کی عوام نے اس فیصلے کی مخالفت کی، تو بی جے پی نے فراڈ شروع کر دیا۔