دیش
اے ایم یو کے مرکز برائے تعلیم بالغاں میں ’ماں اور بچے کی نگہداشت‘ پر لیکچر کا اہتمام
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مرکز برائے تعلیم بالغاں (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام ’ماں اور بچے کی نگہداشت‘ کے موضوع پر معروف ماہر امراض اطفال، پروفیسر ایس مناظر علی (شعبہ امراض اطفال، جے این میڈیکل کالج، اے ایم یو) نے لیکچر دیا۔
پروفیسر مناظر علی نے اپنے خطاب میں ہندوستان میں زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال تقریباً27 ملین خواتین حاملہ ہوتی ہیں، جن میں سے 26ملین خواتین زندہ بچوں کو جنم دیتی ہیں۔ ملک میں زچگی کے دوران زچہ اور بچہ کی شرح اموات زیادہ ہے جسے کم کرنے کے لئے خواتین میں بیداری لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ زچگی کے دوران خواتین کو بستر پر لیٹے رہنے کے بجائے حرکت کرتے رہنا چاہیے، کیونکہ حرکت کرنے سے زچگی کے تجربے میں بہتری آتی ہے۔
انہوں نے نوزائیدہ کے یرقان کی بڑھتی ہوئی شرح پر بھی گفتگو کی اور بتایا کہ زچگی کے بعد اسپتال سے جلد رخصتی کا رجحان بڑھ رہا ہے، اس لیے تشخیص اور نگہداشت کے لیے نئے طریقے اپنانے کی ضرورت ہے تاکہ دوبارہ اسپتال میں بھرتی ہونے سے بچا جا سکے۔ مرکز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے مہمان مقرر کا خیر مقدم کیا اور آخر میں شکریہ کے کلمات ادا کئے۔