بہار
مل جل کر کام کرنے سے ملتی ہےکامیابی امیرشریعت
(پی این این)
پھلواری شریف:پٹنہ کے مشہور گاندھی میدان میں وقف ایکٹ کے خلاف29 ؍جون کو منعقد وقف بچاؤدستوربچاؤکانفرنس کے پر امن طریقے پر کامیاب بنانے والوں میں شہر پٹنہ کے ائمہ مساجد اور صدوروسکریٹری کاشکریہ اداکرتے ہوئے امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے امیرشریعت مولانا احمدولی فیصل رحمانی نےکہا کہ آپ حضرات نے جس اخلاص وللہیت کے جذبے سے جو محنتیں کی وہ قابل مبارکباد ہے درحقیقت آپ نے قائدانہ رول اداکیا ،مقتدیوں کے دروازوں تک دستک دے کر ایک مثال قائم کی ،دوسری طرف اپنے مہمانوں کے لئے مسجد اور گھر کے گیٹ کوکھول دیئے اور عمدہ ضیافت کرکے دل جیت لیامیں اس کیلئے بھی آپ کاشکر یہ اداکرتاہوں ۔
انہوں نے کہاکہ مجمع بڑا تھا ہم لوگوں نے ممکن حد تک کوشش کی کہ آپ کو یاکسی کوتکلیف نہ پہونچے تاہم اگر کچھ کمی رہ گئی ہوتو اسے درگزر فرمائیں ،آخر میں انہوں نے کہاکہ ہرپیر وجمعرات کوروزہ رکھنے اور اجتماعی طور پر افطار کانظم کرنے کی ترغیب دی اور جمعہ کو کالی پٹی باندھ کرمسجد آنے کی دعوت دی،اس موقع حضرت نے ووٹر آئی ڈی کارڈ بنوانے اور الیکشن کمیشن کے ذریعہ ووٹر لسٹ میں اپنے ناموں کے اندراج کویقینی بنانے پرزور دیااور اسی سلسلہ میںجمعہ کے خطابت میں اس کو موضوع سخن بنانے کی تاکید کی ۔
امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی نے ائمہ کرام اور مساجد کے ذمہ داران کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ بسااوقات شرسے خیر کے پہلو بھی عیاںہوجاتے ہیں ،حکومت ھند نے وقف کے قانون میں چھیڑ چھاڑ کرہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر متحدکردیاجس کے نتیجہ میں وقف بچاؤ کانفرنس نے ایوانوں تک میں زلزلہ پیداکردیاہے یہ سب آپ کے اتحاد کی قوت اور امارت شرعیہ کی قیادت پر اعتماد کانتیجہ ہے انہوں نے ائمہ کرام سے کہاکہ جس طر ح آپ ماضی میں حضرت امیرشریعت کی قیادت میں متحد ومنظم رہے اس ملی اتحاد کوقائم رکھیں۔
مفتی محمد سہراب ندوی نائب ناظم نے کہا کہ یہ کانفرنس تاریخ ساز رہی اور اس نے ایک تاریخ رقم کی ہے ،چنانچہ ائمہ کرام نے امارت شرعیہ پربھرپوراعتماد کااظہار کیاجامع مسجد پیر بہوڑکے امام وخطیب مولانامحمد ثناء اللہ ندوی نے کہاکہ امارت سے جداہوکرکوئی الگ نہیں رہ سکتاہم لوگوں کے لئے ماں کی حیثیت رکھتی ہے جس کے چھاؤں میں بچہ سکون محسوس کرتاہے اس موقع پر انہوں نے ووٹر لسٹ کے معاملہ میں امارت شرعیہ سے رہنمااصول وضع کرنے کی گزارش کی ،پھلواری شریف سنگی مسجد کے امام وخطیب مولاناگوہر امام نے کہاکہ وقف کانفرنس کے موقع پر ہم لوگوں کوخدمت کاموقع ملاان شاء اللہ امارت شرعیہ کی ہدایت پرآئندہ بھی تیاررہیں گے،مولاناعظیم الدین رحمانی کولڈ اسٹور مسجد راجابازار نے کہاکہ اس کانفرنس کے ذریعہ عوامی بیداری آئی ہے حتی کہ خواتین بھی دعاؤوں میںمصروف رہیں،حافظ محمد امتیاز احمدرحمانی مونگیر نے کہاجس طرح پٹنہ کے ائمہ کرام کے لئے تہنیتی نشست طلب کی گئی ہے اضلاع کی سطح پر بھی ایسی نشست رکھی جائے ، مجاہد حسین حبیبی نے کہاکہ وقف کانفرنس کا پیغام پوری دنیامیں پہنچا ان شاء اللہ اس کے مثبت اثرات ظاہر ہوں گے ،جامع مسجد پٹنہ جنکشن کے امام وخطیب مولانامحمد اسعدقاسمی نے کہا کہ باطل طاقتوں کے خلاف صف آرا ہونے کاموقع ملا ہم سب اس کے خلاف جدوجہدکرتے رہیں گے،قاری عبدالستار امام وخطیب جامع مسجد تبار ک علی باقرگنج نے کہاکہ اس کانفرنس سے ایک نئی توانائی پیداہوئی ہے۔
مولانا شاہد ندوی نے کہاکہ اس کانفرنس سے نواجوانوںمیں ایک اچھاپیغام گیاہے، مولانامحمدوسیم الدین نے کہاکہ کانفرنس کی اسپریٹ کو تسلسل کے ساتھ باقی رکھاجائے،مولانامحمد اشرف خان نے کہاکہ یہ کانفرنس امیدسے زیادہ کامیاب رہی،اس سلسلہ کو مولاناپرویزرحمانی ،مولاناخالد ندوی ، مولاناازہرالدین پالی گنج،مولانامحمدکلیم ،مولانامحمد اشتیاق رحمانی،مولانارضوان احمد مظاہری،اسحاق ، حاجی جمال عبد الناصر ، عبدالاحد ،محمد محیط ، محمد شوکت نے بھی اپنے خیالات کااظہارکیا،واضح ہوکہ اس موقع پر امارت شرعیہ قائم مقام ناظم اور دارالافتاء کے صدر مفتی مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی کی مرتب کردہ کتاب فتاویٰ امارت شرعیہ جلدششم کی رونمائی حضرت امیرشریعت کے مبارک ہاتھوں ہوئی ،قاضی شریعت مولانا محمدانظار عالم قاسمی،مولانامفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی ،مفتی سہیل اختر قاسمی،مولانارضوان احمدندوی سمیت امارت شرعیہ کے جملہ ذمہ داران وکارکنان اور ائمہ کرام نے اس کتاب کی اشاعت پر مفتی صاحب کو مبارکبادی مجلس کی کارروائی امارت شرعیہ کے نائب ناظم مفتی محمدسہراب ندوی نے عمدہ طریقے سے چلائی اس تہنیتی نشست کا آغازقاری مفتی محمد مجیب الرحمن قاسمی کی تلاوت کلام اللہ سے ہوااور حضرت امیرشریعت کی دعاپر مجلس اختتام پذیرہوئی۔