دیش
اے ایم یو کے یوجی سی ایم ایم ٹی ٹی سی میں اسکولوں اور مدارس کے اساتذہ کے لیے دو ہفتے کا تربیتی پروگرام شروع
(پی این این)
علی گڑھ: علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یوجی سی مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سینٹر (ایم ایم ٹی ٹی سی) نے ”مؤثر تدریس: ابلاغ، اختراع اور تعلیم میں مصنوعی ذہانت کا انضمام“ موضوع پر اسکولوں اور مدارس کے اساتذہ کے لیے دو ہفتے پر مشتمل رہائشی استعداد سازی پروگرام، الائنس فار اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف دی انڈرپریویلیجڈ (اے ای ای ڈی یو)، نئی دہلی کے اشتراک سے منعقد کیا ہے، جس میں ملک بھر سے 51 اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔
پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے خلیق احمد نظامی سنٹر فار قرآنک اسٹڈیز کے ڈائرکٹر پروفیسر عبد الرحیم قدوائی نے تدریس کو ایک عظیم پیشہ قرار دیا اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ مؤثر ابلاغ کی مہارتیں پیدا کریں، باادب مکالمے کو اپنائیں اور اپنی تدریسی حکمتِ عملی کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ رکھیں۔
پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر فائزہ عباسی نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے تعلیمی منظرنامے اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے پس منظر میں، خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنسز کی روشنی میں، اساتذہ کو خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس تربیتی پروگرام میں تدریس میں گیمی فیکیشن، ٹیم بلڈنگ اور ماحولیاتی تعلیم جیسے موضوعات پر ماڈیولز شامل ہیں۔ اساتذہ کی تقریری، تحریری اور فکری صلاحیتوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا، اور انہیں مرکز کی جدید کمپیوٹر لیب اور ڈیجیٹل ایجوکیشن اسٹوڈیو میں آئی سی ٹی ٹولز اور ای مواد کی تیاری کی عملی تربیت بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر اے ایم یو کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی سرپرستی کا بطور خاص شکریہ ادا کیا گیا، اور اے ای ای ڈی یو کے سی ای او، سبکدوش آئی آر ایس جناب ایس محمود اختر کا بھی شکریہ ادا کیا گیا، جن کی کاوشوں سے یہ پروگرام ممکن ہوا۔اے ای ای ڈی یو کے مینٹور، سبکدوش آئی آر ایس جناب شمیم الدین نے اے ایم یو کے ساتھ اس اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تعلیمی شعبے میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔پروگرام کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ایم ملک ارشد، پی جی ٹی، ایس ٹی ایس بوائز اسکول، اے ایم یو نے اختتامی کلمات ادا کئے اور شکریہ کی تحریک پیش کی۔