بہار
چھپرہ :ڈی ایم نے بوتھ ریشنلائزیشن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ کی میٹنگ
(پی این این)
چھپرہ :الیکشن کمیشن آف انڈیا کی خصوصی نظر ثانی اور پری نظرثانی سرگرمی کے تحت پولنگ اسٹیشنوں کو ریشنلائز کرنے کے حوالے سے ڈسٹرکٹ الیکشن افسر کم ڈی ایم امن سمیر کی صدارت میں میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔جس میں تسلیم شدہ قومی اور ریاستی سطح کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور تمام ای آر او،اسسٹنٹ ای آر او نے شرکت کی۔اس موقع پر ایم پی جناردن سنگھ سگریوال،ایم ایل اے رامانوج پرساد،جتیندر رائے،ستیندر کمار یادو،سریندر رام خصوصی طور پر موجود تھے۔
ڈی ایم نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق 12 سو ووٹروں کے لیے ایک بوتھ بنایا جانا ہے۔اس سے قبل ضلع میں 15 سو ووٹرز کی تعداد پر کل 3039 بوتھ تھے۔ریشنلائزیشن کے دوران کل 471 نئے بوتھس کی تعمیر کی تجویز ہے۔اس طرح یہ تعداد بڑھ کر 3510 ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی ہدایات کے مطابق بوتھس کی تعمیر کے دوران اسی عمارت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔تاکہ ووٹرز کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔تمام نئے بوتھوں کو پرانی عمارت کے احاطے میں ہی قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔صرف آٹھ بوتھ کی عمارت کو تبدیل کرنے کی تجویز ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کے پروگرام کے مطابق آج پولنگ اسٹیشنوں کی فہرست شائع کر دی گئی ہے۔اعتراضات،تجاویز اور مشورے 6 جولائی تک طلب کی گئی ہیں۔متعلقہ ای آر او خود ان کی جانچ کر کے کارروائی کریں گے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے درخواست کی کہ وہ وقت سے پہلے تجاویز دیں تاکہ بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔میٹنگ میں موجود ای آر او کو بھی تجویز یا اعتراض کنندہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ڈی ایم نے بتایا کہ 9 اور 10 جولائی کو دوبارہ میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں تجاویز کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔یہ تجویز 12 جولائی کو محکمہ الیکشن کو بھیجی جائے گی۔کمیشن سے منظوری کی تاریخ 18 جولائی ہے۔پولنگ اسٹیشنوں کی حتمی فہرست یکم اگست کو شائع کی جائے گی۔اس موقع پر ڈی ایم نے خصوصی نظر ثانی کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ جن ووٹر کے نام 2003 کی ووٹر لسٹ میں شامل ہیں انہیں یا ان کے بیٹے،بیٹیوں کو کاغذات دینے کی ضرورت نہیں۔صرف ووٹر لسٹ کے صفحے کی خود تصدیق شدہ کاپی اپ لوڈ کرنا ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ 2003 کی ووٹر لسٹ کمیشن کی ویب سائٹ پر شائع کر دی گئی ہے۔کوئی بھی شخص اپنا نام خود دیکھ سکتا ہے یا اپنا فارم اپ لوڈ کر سکتا ہے۔بہار یا باہر رہنے والا ووٹر بھی اپنے فارم پر دستخط کرکے ضروری دستاویزات کے ساتھ اپ لوڈ کرسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے بی ایل او پری پرنٹیڈ فارم لے کر ہر گھر اور ہر ووٹر تک پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بی ایل او کی مدد کے لیے بی ایل او سپروائزر کی تعیناتی کے ساتھ وکاس مترا،پنچایت سیوک،ٹولہ سیوک،این ایس ایس،این سی سی،جیویکا وغیرہ کو رضاکار کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بی ایل اوز کے ذریعے اس کام میں تعاون کریں۔
ڈپٹی الیکشن آفیسر جاوید اقبال نے بتایا کہ ایکما ودھان سبھا میں 48 نئے بوتھس شامل کرنے کی تجویز ہے۔جس کی وجہ سے پہلے سے قائم 308 بوتھس بڑھ کر 356 ہو جائیں گے۔مانجھی میں 54 نئے بوتھ شامل کرنے سے 309 بوتھس بڑھ کر 363 ہو جائیں گے۔بنیا پور میں 50 نئے بوتھ شامل کرنے سے 327 بوتھس بڑھ کر 377 ہو جائیں گے۔تریاں میں 39 نئے بوتھس شامل کرنے سے 315 بوتھس بڑھ کر 354 ہو جائیں گے۔مڑھوڑہ میں 39 نئے بوتھس شامل کرنے کی تجویز سے 294 بوتھس بڑھ کر 333 ہو جائیں گے۔چھپرہ میں 42 نئے بوتھس کی تجویز سے پہلے سے قائم 331 بوتھس بڑھ کر 373 ہو جائیں گے۔ گرکھا میں 54 نئے بوتھس بنانے سے 306 بوتھس بڑھ کر 360 ہو جائیں گے۔امنور میں 55 نئے بوتھس کی تجویز سے پہلے سے قائم 275 بوتھس بڑھ کر 330 ہو جائیں گے۔پرسا میں 46 نئے بوتھس بڑھانے سے 281 بوتھس سے 327 ہو جائیں گے۔سونپور میں 44 نئے بوتھس شامل کرنے کی تجویز ہے۔جس کی وجہ سے پہلے سے قائم 393 بوتھس بڑھ کر 337 ہو جائیں گے۔