دیش

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ”کنبہ کے لیے یوگ“ کے عنوان سے تیسری یوگ ورکشاپ کا آغاز

Published

on

(پی این این)
علی گڑھ:علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ فزیکل ایجوکیشن نے ”کنبہ کے لیے یوگ“ کے موضوع پر منگل کی صبح اپنی تیسری یوگ ورکشاپ کا آغاز کیا۔ یہ سلسلہ بین الاقوامی یوم یوگ 2025کی تیاری کے طور پر جاری ہے، جس کا اہتمام حکومت ہند کی وزارت آیوش کے بینر تلے کیا جا رہا ہے۔ یہ سیشن صبح 6 بجے سے 7 بجے تک منعقد ہوا۔
ورکشاپ کے کوآرڈنیٹر پروفیسر ضمیراللہ خاں نے ممتاز اسپورٹس سائنسداں ڈاکٹر ارشد باری کا تعارف کرایا، جنہوں نے کنبہ کے لئے یوگ کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے واضح کیا کہ یوگ کس طرح خاندانی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مجموعی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں مددگار ہے۔
فیکلٹی آف لاء کے ڈین پروفیسر شکیل احمد نے یوگ سے متعلق اپنے ذاتی تجربات بیان کرتے ہوئے زور دیا کہ یوگ نے ان کی زندگی میں کس طرح مثبت تبدیلیاں پیدا کیں۔ اس موقع پر ورکشاپ کے نوڈل آفیسر پروفیسر سید طارق مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
سیشن کا آغاز گردن، کندھوں، دھڑ اور گھٹنوں کی ورزشوں سے ہوا، جس کے بعد کھڑے ہوکر، بیٹھ کر، پیٹھ کے بل اور پیٹ کے بل مختلف آسن کرائے گئے۔ اس کے علاوہ کپال بھاتی اور پرانیام جیسے سانس کی مشقیں بھی کرائی گئیں۔ یوگ انسٹرکٹر اور ریسرچ اسکالر مسٹر دھرمیندر نے تمام مشقیں ا ور آسن نہایت مہارت اور احتیاطی ہدایات کے ساتھ کروائیں، اور ہر آسن کے فوائد اور ضروری احتیاط بھی بیان کئے۔
اس سیشن میں 46 شرکاء موجود رہے جنھوں نے یوگ آسنوں اور اس سے متعلق گفتگو سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ شعبہ فزیکل ایجوکیشن نے اگلے تمام سیشن کو بھی اسی جذبے اور جوش و خروش سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network