دلی این سی آر

دہلی میں بی جے پی حکومت ہر سطح پر ناکام:سوربھ بھاردواج

Published

on

(پی این این)
نئی دہلی:پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس کے دوران عام آدمی پارٹی دہلی کے صوبائی کنوینر سوربھ بھاردواج نے بی جے پی کی زیرِ قیادت دہلی حکومت کے گزشتہ 100 دنوں کی کارکردگی پر مبنی رپورٹ کارڈ پیش کیا۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ بی جے پی کی دہلی حکومت اپنے 100 دن کی کارکردگی کا ایک فرضی رپورٹ کارڈ تیار کر کے دہلی کی عوام کے سامنے پیش کرنے جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بچپن میں ہم سنتے تھے کہ جب شرارتی بچے امتحان میں فیل ہو جاتے تھے تو خود ہی ایک جعلی رپورٹ کارڈ بنا کر اپنے والدین کو دکھا دیا کرتے تھے۔ آج دہلی میں بھی کچھ ایسے ہی "شرارتی بچوں” کی حکومت قائم ہے، جو اپنے 100 دن کے امتحان کا فرضی رپورٹ کارڈ تیار کر کے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سوربھ بھاردواج نے سوال اٹھایا کہ آخر ایسا کیسے ممکن ہے کہ جو طالب علم امتحان دے رہا ہو، وہی اپنا رپورٹ کارڈ خود بنائے؟ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس جھوٹے رپورٹ کارڈ کے ذریعے اپنے 100 دنوں کی ناکامیوں کو چھپانے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی لیے عام آدمی پارٹی نے بی جے پی حکومت کے 100 دنوں کی حقیقی ناکامیوں پر مبنی رپورٹ کارڈ تیار کیا ہے، تاکہ دہلی اور ملک کی عوام کو اصل سچائی سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خبر ملی ہے کہ آج دہلی کی نو منتخب وزیراعلیٰ ریکھا گپتا جی بی جے پی حکومت کے 100 دن کے کارکردگی پر مبنی رپورٹ کارڈ عوام کے سامنے پیش کرنے جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ہم ان سے کچھ اہم سوالات پوچھنا چاہتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ جب اپنا رپورٹ کارڈ پریس کانفرنس میں پیش کریں گی تو ان سوالات کے جوابات ضرور دیں گی۔
سوالات درج ذیل ہیں:دہلی کی خواتین سے بی جے پی نے جو ماہانہ 2500 روپے دینے کا وعدہ کیا تھا، وہ کب سے ملیں گے؟بی جے پی کی مرکز حکومت کی جانب سے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر نے 10,000 سے زائد بس مارشلز کو ملازمت سے نکال دیا۔ بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بننے کے 60 دن کے اندر انہیں مستقل نوکری دی جائے گی۔ یہ وعدہ کب پورا ہوگا؟بی جے پی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام پرائیویٹ اسکولوں کا آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے، تو ریکھا گپتا جی بتائیں کہ اسکولوں کی من مانے طریقے سے بڑھائی گئی فیس کب واپس کی جائے گی؟ڈی پی ایس اسکول، دوارکا میں بچوں کو ہراساں کیے جانے کا معاملہ ثابت ہو چکا ہے، ریکھا گپتا جی بتائیں کہ اسکول کے خلاف ایف آئی آر کب درج کی جائے گی؟والدین تحریری درخواست دے چکے ہیں کہ دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر ڈی پی ایس اسکول دوارکا کو ٹیک اوور کرے۔ یہ کارروائی کب شروع کی جائے گی؟
سوربھ بھاردواج نے میڈیا کو بتایا کہ اس رپورٹ کارڈ میں عام آدمی پارٹی نے عوام کو بتایا ہے کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے 100 دنوں میں دہلی کے عوام کے ساتھ کس قسم کی دھوکہ دہی کی ہے، کن سہولیات کو بند کیا گیا ہے اور کس طرح بی جے پی نے وہ اسکیمیں ختم کی ہیں جو عام آدمی پارٹی کے دور میں جاری تھیں۔انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے دہلی میں "فرشتہ اسکیم” کو بند کر دیا ہے جس کے تحت حادثات کا شکار افراد کو فوری اسپتال پہنچا کر ان کا علاج کروایا جاتا تھا۔ اب اس اسکیم کے بند ہونے کے بعد کئی لوگوں کی جانیں وقت پر علاج نہ ملنے کی وجہ سے خطرے میں پڑ گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے ساؤتھ دہلی میں ایک بچہ پارک میں کھیلتے ہوئے کرنٹ لگنے سے شدید زخمی ہوا، اسے گریٹر کیلاش کے فورٹس اسپتال لے جایا گیا لیکن "فرشتہ اسکیم” نہ ہونے کی وجہ سے پرائیویٹ اسپتال میں اس کا علاج نہیں ہو سکا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔ اگر اسکیم فعال ہوتی تو شاید بچے کی جان بچ سکتی تھی۔ سوربھ بھاردواج نے مزید بتایا کہ بی جے پی حکومت دہلی کے "محلہ کلینک” بند کر رہی ہے اور وہاں کام کرنے والے ملازمین کو نکالا جا رہا ہے۔ سوال یہ ہے کہ ان ملازمین کے اہل خانہ کی کفالت اب کیسے ہوگی؟ اسی طرح بی جے پی نے ایک اور اسکیم بند کر دی ہے جس کے تحت اگر سرکاری اسپتال میں آپریشن یا ٹیسٹ کی سہولت نہ ہو، تو حکومت خود خرچ برداشت کر کے مریض کو نجی اسپتال میں علاج فراہم کرتی تھی۔ اب یہ سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے۔

 

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

رجحان ساز

Copyright © 2025 Probitas News Network