دلی این سی آر
پروفیسر مظہر آصف اورمسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی،یونیورسٹی کی تعلیمی اور دیگر ترقیات پر تبادلہ خیال
(پی این این)
نئی دہلی :پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے یونیورسٹی کی مختلف تعلیمی اور دیگر ترقیات کے متعلق وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کوواقف کرانے کے لیے ملاقات کی۔
دوران ملاقات شیخ الجامعہ اور مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے آغاز سے یونیورسٹی نے جو اہم پیش رفت کی ہے اس کے متعلق وزیر کو بتایااور وزارت تعلیم کی فیاضانہ مالی مددکے لیے ان کا شکریہ اداکیا۔ ڈینٹسٹری فیکلٹی کے استحکام کے تئیں ان کے عہد اور ان کی متواتر حوصلہ افزائی کے لیے انھوں نے دھرمیندر پردھان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے جامعہ رہائشی کوچنگ کی شان دار کارکردگی کے متعلق بھی وزیر تعلیم کو بتایا۔اور بتایاکہ ہر سال جامعہ،آر سی اے میں تربیت یافتہ تیس سے زیادہ طلبہ موقر یوپی ایس سی سول سروسز امتحان میں بطور آئی اے ایس، آئی پی ایس،آڈت اینڈ اکاؤنٹس سروسز،انڈین فارسیٹ سروسز منتخب ہوتے ہیں اوراس طرح ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران جامعہ کی مالی حالت بھی بات چیت کا ایک اہم نکتہ تھا۔شیخ الجامعہ اور مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اعلی تعلیم فینانسنگ ایجنسی(ایچ ای ایف اے)کے زیر اہتمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا خاکہ بھی پیش کیا اور ان پروجیکٹوں کی غیر اطمینان بخش رفتار سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
تعلیمی افق کو وسیع ترکرنے کے عہد کو اجاگر کرتے ہوئے جامعہ میں نئے شعبوں کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں وزیر کے ساتھ بات چیت میں اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید برآں، جامعہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں ثمر آور بات چیت ہوئی جس کے لیے وزیر نے پورا تعاون دینے کی بات کہی اور تمام مطلوبہ مدد کی فراہمی کا یقین دلایا۔
یونیورسٹی میں آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم اسناد کے سلسلے میں بات چیت کے ساتھ ملاقات اختتام پذیر ہوئی۔اس یادگار پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیے جانے والے مندوبین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، شیخ الجامعہ اور مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس سلسلے میں دھرمیندر پردھان سے ان کے تعاون اور مشوروں کی بھی درخواست کی۔ وزیر موصوف نے یونیورسٹی کی ترقی کو سراہا اور جامعہ کے موجودہ اور مستقبل کے اقدامات اورپہل کے لیے پروفیسرآصف اور پروفیسر رضوی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اور جامعہ کے فعال و سرگرم تعلیمی ماحول کو قریب سے دیکھنے کے لیے مستقبل قریب میں جامعہ کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔