بہار
بی جے پی ایم ایل اے مشری لال یادو کو 2 سال قید کی سزا ، 1 لاکھ کا جرمانہ، رکنیت پر لٹکی تلوار
(پی این این)
دربھنگہ:دربھنگہ واقع خصوصی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے علی نگر حلقہ اسمبلی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی مشری لال یادو اور ایک دیگر شخص کو تعزیرات ہند کی دفعہ 506 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے دو، دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے دونوں مجرمین پر ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔یہ فیصلہ منگل کی شام عدالت نے سنایا۔ رکن اسمبلی مشری لال یادو اور شریک ملزم سریش یادو کو پولیس حراست میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں فریقین کے دلائل سننے کے بعد معزز عدالت نے سزا کا اعلان کیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد رکن اسمبلی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالت کا احترام کرتے ہیں اور اس فیصلے کے خلاف پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
سزا کے تعین کے دوران دفاعی وکیل نے عدالت سے پروبیشن آف آفینڈر ایکٹ کے تحت رعایت کی درخواست کی، تاہم عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کر دی کہ مجرمین میں سے ایک عوامی نمائندہ اور قانون ساز ہے، جس پر سنگین فوجداری الزامات ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ موجودہ عدالت اپیل کی سطح پر ہے، اس لیے رعایت دینا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ 30 جنوری 2019 کو سمیلا گاؤں کے رہائشی اُمیش مشرا کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر سے متعلق ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 29 جنوری 2019 کو قدم چوک پر صبح کی سیر کے دوران رکن اسمبلی مشری لال یادو، شریک ملزم سریش یادو اور دیگر افراد نے درخواست گزار کو گھیر کر گالی گلوچ کی، اور مخالفت پر رکن اسمبلی نے کلہاڑی سے سر پر حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ ایف آئی آر میں یہ الزام بھی شامل تھا کہ سریش یادو نے لاٹھی اور راڈ سے حملہ کر کے جیب سے 2300 روپے نکال لیے۔
اس سے قبل بھی عدالت نے دونوں کو تین ماہ قید اور پانچ، پانچ سو روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے بعد مقدمہ اپیلی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ موجودہ فیصلے کے پیش نظر رکن اسمبلی مشری لال یادو کی اسمبلی رکنیت پر بھی آئینی خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔