بہار
تعلیم کے ساتھ کھیل بھی ذہنی نشوونما کے لیے ضروری ہے: بی ای او ہریش چندر یادو
(پی این این)
جالے: بہار حکومت کے محکمہ تعلیم، محکمہ کھیل اور بہار اسٹیٹ اسپورٹس اتھارٹی، پٹنہ کے مشترکہ زیر اہتمام "مشعل 2024” کے تحت نان پور بلاک کے بہُورار میں واقع اپ گریڈیڈ ہائر سیکنڈری اسکول کے سی آر سی مرکز پر 22 مئی سے 24 مئی تک تین روزہ کھیل مقابلے کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں بلاک کے تمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اس کھیل مقابلے کا بنیادی مقصد سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم باصلاحیت کھلاڑیوںنشاندہی کرنا اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے مظاہرے کے لیے مناسب پلیٹ فارم مہیا کرانا تھا تاکہ ریاستی و قومی سطح پر ان کی نمائندگی ممکن ہو سکے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نان پور بلاک کے تعلیمی افسر ہریش چندر یادو نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو بھی طلبہ کی ذہنی و جسمانی نشوونما کا ایک اہم ذریعہ سمجھنا چاہیے۔ کھیلوں سے نہ صرف صحت مند جسم ملتا ہے بلکہ شخصیت میں نکھار بھی آتا ہے۔
مڈل اسکول ددری کے ہیڈ ماسٹر وجئے کمار نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کود صحت مند زندگی کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ جسم کو چاق و چوبند رکھتا ہے اور ذہن کو تروتازہ کرتا ہے۔
میزبان اسکول یعنی اپ گریڈیڈ ہائر سیکنڈری اسکول بہُورار کے ایچ، ایم وکاس کمار نے کہا کہ موجودہ تعلیمی نظام میں ہمہ جہتی ترقی کے لیے کھیلوں کا کردار کلیدی ہے۔ یہ طلبہ میں نظم و ضبط، استقامت اور خوداعتمادی جیسی صفات کو فروغ دیتا ہے۔
وہیں اسکول کے ٹیچر قمر مصباحی نے کھیلوں کی افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے بچوں میں ٹیم ورک، لیڈرشپ، ذمہ داری، صبر اور خود اعتمادی جیسے اوصاف فروغ پاتے ہیں جو زندگی کے چیلنجز کا سامنا کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
سی آر سی مرکز پر منعقدہ اس تقریب میں اردو مڈل اسکول تسلیم ٹول، مڈل اسکول ددری، اور مڈل اسکول بھگوان پور کے طلبہ نے حصہ لیا۔ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اعزازی میڈل سے نوازا گیا۔